فحاشی پھیلانے پر 18 OTT پلیٹ فارم بلاک
ایم پی نریش مہسکے کے مطالبے پر سخت کارروائی
(آفتاب شیخ)
سوشل میڈیا، ڈیجیٹل میڈیا اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر بڑھتی ہوئی فحش نگاری کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے 18 پلیٹ فارمز کو بلاک کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بچوں میں غلط اخلاقی اثرات کو روکنا اور ہندوستانی ثقافت کا تحفظ کرنا ہے۔
تھانے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے نے 11 فروری 2025 کو پارلیمنٹ میں صفر وقفہ کے دوران وزارت اطلاعات و نشریات سے مطالبہ کیا تھا کہ ان پلیٹ فارمز پر سختی کی جائے۔ اس معاملے پر پارلیمانی امور اور اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اب تک 18 OTT پلیٹ فارمز کو بلاک کیا جا چکا ہے۔
مہسکے نے یوٹیوب چینل "رنویر الہ آبادیہ" کی ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی، جس سے معاشرتی اقدار متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی اور مزید پابندیوں کا مطالبہ کیا تھا۔
مرکزی حکومت نے 25 فروری 2021 کو انفارمیشن ٹیکنالوجی (عبوری رہنما خطوط اور ڈیجیٹل میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ) رولز 2021 کو نافذ کیا تھا، جو آن لائن مواد کی اشاعت سے متعلق ضابطے فراہم کرتا ہے۔ وزیر مملکت ڈاکٹر مروگن نے واضح کیا کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر نشر ہونے والا کوئی بھی مواد قانونی تقاضوں کے خلاف نہیں ہونا چاہیے اور عمر کے لحاظ سے اس کی درجہ بندی ضروری ہے۔
ڈاکٹر مروگن نے مزید کہا کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے فحش اور غیر قانونی مواد پھیلانے والے پلیٹ فارمز کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے۔ اس کے تحت 18 او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کو بلاک کر دیا گیا ہے، اور مستقبل میں مزید کڑی نگرانی کی جائے گی۔
