لاتور(محمدمسلم کبیر) لاتور ضلع موؤمنٹ فار پیس اینڈ جسٹس کی جانب سے برکت نگر میں تعمیری شعبے سے منسلک مزدوروں کی کارنر میٹینگ کا اہتمام کیا گیا تھا. جس میں سو سے زائد مزدوروں نے شرکت کی. حکومت کے اس شعبے سے متعلق مزدوروں کے لئے جاری فلاح و بہبودی کے 26 قسم کے مختلف اسکیمات کی معلومات دی گئیں. ان اسکیمات کے استفادہ سے عام مزدور ہنوز محروم ہے بلکہ اس کی اطلاع بھی انھیں نہیں ہے. ان مزدوروں کو اور ان کے افراد خاندان ، بچوں کے لئے تعلیم، معاشی، صحت، حوادث، اموات اور شعبہ حیات سے منسلک کئی معاملات کی پابجائی کے لئے اسکیمات سے روشناس کرایا گیا اور ان تمام اسکیمات سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے ان مزدوروں کا لیبر ڈپارٹمنٹ میں اندراج ہونا لازمی ہے اسی طرح قانون حق تعلیم کے تحت مزدوروں کے بچوں کو انگریزی میڈیم کے اسکولوں میں 25 فیصدی تحفظات بھی دئے گئے ہیں.
ان تمام امور کی تفصیلی معلومات ایم پی جے کے ذمہ دار اور سماجی جہد کار رضا خان سر اور جماعت اسلامی ہند کے صابر علی قاضی نے سامعین کو دی. اور کہا کہ غربت کا خاتمہ خیرات دینے سے نہیں بلکہ غرباء کو ان کا حق دلانے سے ہی ہوگا. لاتور بلدیہ عظمی کے کونسلر سید عمران نے اس موقع پر تمام مزدوروں سے اپیل کی کہ ان اسکیمات سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے کوشش کریں.اس کارنر میٹنگ میں قمرالدین بارشیکر، خضر قاضی، شیخ سلیم، انجنئیر تجمل ، سید امین، شیخ ایاز، سید اعظم، سید توفیق موجود تھے.