غازی آباد میں بی جے پی لیڈر کی پٹائی، خواتین نے کپڑے پھاڑے

غازی آباد: غازی آباد میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے مغربی یوپی کے سابق صدر رضوان خان میر کی پٹائی کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے۔ اس میں کچھ خواتین اور مرد انہیں گھیر کر مار رہے ہیں۔ لوگوں نے ان کے کپڑے پھاڑ دیئے اور ان کی پٹائی کی اور اس کا سر پھوڑ دیا۔ رضوان نے پولیس کی گاڑی کے قریب بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ بی جے پی لیڈر اور دوسری پارٹی کے درمیان دکان پر قبضہ اور کرایہ کو لے کر اتوار کو جھگڑا ہوا تھا۔

یہ پورا واقعہ شالیمار گارڈن تھانہ علاقے میں بھارت ماتا چوک کے قریب کا ہے۔ پولیس موقع پر پہنچی تو لوگوں نے رضوان کو چھوڑ دیا۔ بی جے پی لیڈر کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے 4 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ رضوان میر نے کچھ عرصہ قبل بھارت ماتا چوک پر ایک دکان کرائے پر لی تھی۔ دکان کے مالک عبدالصابر سے اس کے کرایہ کو لے کر جھگڑا ہوا، اس کے بعد عبدالصابر کے لوگوں نے اس کی پٹائی کر دی، پٹائی کرنے والوں میں زیادہ تر خواتین تھیں.

اے سی پی بھاسکر ورما نے بتایا کہ پولیس کو شالیمار گارڈن علاقے میں دو فریقوں کے درمیان لڑائی کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ رضوان میر اور عبدالصابر کے درمیان دکان کے قبضہ اور کرائے کو لے کر جھگڑا چل رہا ہے۔ اس جھگڑے میں صابر نے کچھ لوگوں کے ذریعہ رضوان کی پٹائی کروا دی، اس معاملے میں ہم نے رضوان کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔