عام آدمی پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کا وعدہ کیا

نئی دہلی، 25 اپریل. عام آدمی پارٹی (آپ) نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر جمعرات کو یہاں جاری اپنے انتخابی منشور میں دہلی کو ’مکمل ریاست‘ کا درجہ دلانے کا وعدہ کیا ہے۔عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجری وال نے نائب وزیراعلی منیش سسودیا، راجیہ سبھا رکن پارلیمان سنجے سنگھ اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں 38 صفحات پر مشتمل انتخابی منشور جاری کیا۔

انتخابی منشور میں کہا گیا ہے کہ ’’دہلی میں عام آدمی پارٹی 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں مکمل ریاست کا درجہ دلانے کےلئے لڑرہی ہے۔ دہلی میں سات لوک سبھا سیٹیں ہیں لیکن دیگر ریاستوں سے جیت کر آئے پارٹی کے دیگر ممبران پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا کے تین اراکین مل کر دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کو یقینی بنانے کے لئے پارلیمنٹ سےلےکر سڑک تک لڑائی لڑیں گے۔ ‘‘
دلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی نے کہا کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کے لئے وہ دلی والوں سے جذباتی طور سے منسلک دیگر سیاسی پارٹیوں کا بھی ساتھ لے گی۔مسٹر کیجری وال نے انتخابی منشور جاری کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’یہ انتخابات وزیراعظم منتخب کرنے کے لئے نہیں ہے لیکن دہلی کوایک ریاست بنائیں گے۔ کچھ بھی کریں گے، دہلی کو مکمل ریاست بنا کر رہیں گے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اگر دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ مل جائے تو پولس کو عوام کے تئیں جوابدہ بنایا جائے گا۔ خواتین کی سلامتی کے نظم میں بہتری لائی جائے گی۔ دہلی کے کالجوں میں یہاں کے 85 فیصد طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا۔