بی جے پی وشیوسینا کے اتحاد پر کانگریس ترجمان سچن ساونت کی زبردست تنقید، دونوں پارٹیوں سے10سوالات کئے
ممبئی: بی جے پی وشیوسینا کے غیرفطری اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان سچن ساونت نے آج یہاں شیوسینا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سینا بھون سے شیواجی مہاراج کا مجسمہ ہٹا دے کیونکہ اسے شیواجی مہاراج کا نام لینے کا اخلاقی حق نہیں رہ گیا ہے۔ ادھوٹھاکرے جس پارٹی کے سربراہ کو افضل خان کہتے تھے، انہوں نے آج اسی پارٹی سے اتحاد کیا ہے۔ اگر آج شیواجی مہاراج زندہ ہوتے تو افضل خان سے اتحاد کرنے والوں کو سخت سزا دیتے۔ اقتدار کے لئے لاچار شیوسینا کی حالت ایسی ہوگئی ہے گویا کہ ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے، سرخم ہوچکا ہے اس کے باوجود وہ بضد ہے کہ اسے شیر کہا جائے۔
حزبِ اختلاف لیڈر رادھا کرشن ویکھے پاٹل کی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے سچن ساونت نے کہا کہ شیوسینا اب کیوسینا ہوچکی ہے۔ آج سب سے زیادہ دکھی، بے سہارا وذہنی پریشانی شیوسینک محسوس کررہا ہے۔ بی جے پی وشیوسینا کا غیرفطری اتحاد کانگریس واس کی اتحادی پارٹیوں کے مفاد میں ہے۔بہتر ہوا کہ شیوسینا کی مودی کی مخالفت کا فریب اب عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔ بی جے پی کو شکست دینے کے لئے عوام متحد ہوچکی ہے، اس لئے شیوسینک بھی آنے والے انتخابات میں کانگریس کو ہی ووٹ دیں گے۔ پانچ سالوں کے پاپ کا گھڑا دونوں ہی پارٹیوں کو ایک ساتھ اٹھانا پڑے گا۔ سچن ساونت نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال تک بی جے پی وشیوسینا نے عوام کو وشواش گھات کی فلم دکھائی ہے۔ سب سے بہترین اداکار کا آسکر ایوارڈ وزیراعلیٰ اور ادھوٹھاکرے کو ملنا چاہئے ، جس کے لئے ہم کوشش کریں گے۔ ان دونوں کی بہترین اداکاری کی وجہ سے عوام کے ساتھ دھوکہ دہی یقینی ہوسکی ہے۔ اقتدار کے لالچ میں گوکہ دنووں پارٹیاں ایک ساتھ آئی ہیں، اس کے باوجود ان دونوں کے ذریعے آئے ہوئے عوام کی ذہنوں کے سوالات ہنوز جواب کے منتظر ہیں۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے آج وہی سوالات ہم ان سے کررہے ہیں۔
سوال نمبر ۱- وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ ممبئی میں 25 سالوں میں شیوسینا کا اقتدار ہے، شیوسینا نے ممبئی کو تباہ کردیا۔ سوال یہ ہے کہ کیا وزیراعلیٰ ممبئی کے لوگوں کے مستقبل مزید تباہ کرنا چاہتے ہیں؟سوال نمبر۲-ممبئی میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کو نظر آنے والا مافیا راج کیا ختم ہوگیا؟ باندرہ کے صاحب اور ان کے پی اے کون ہیں؟ کل کے پریس کانفرنس میں وہ کہاں تھے؟سوال نمبر۳- شیوسینا کے مطابق ممبئی میں بدعنوان کنٹریکٹر بی جے پی کے تھے، کیا اب انہیں بی جے پی وشیوسینا دنوں کی منظوری ملنے والی ہے؟ کیا ان پر وزیراعلیٰ کے اعلان شدہ آرگنائز کرائم قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی؟سوال نمبر۴- ادھوٹھاکرے کے مطابق رام مندر ٹرانسپرینٹ ہے اور وہ نظر نہیں آرہا ہے۔ اب کیا رام مندر نظر آنے لگا ہے؟سوال نمبر ۵- وزیراعلیٰ کے مطابق ممبئی میونسپل کارپوریشن میں بدعنوانی کے لئے شیوسینا ذمہ دار تھی تو کیا اب بی جے پی وشیوسینا کی اتحاد بھی اس کا ذمہ دار ہوگا؟اس کے علاوہ بی ایم سی کے خلاف شکایت کے لئے وزیراعلیٰ کے ذریعے اعلان شدہ خصوصی نائب لوک آیکت کی تقرری ہوگی نیز بی ایم سی کے تمام معاہدوں کی عدالتی تفتیش کب ہوگی؟سوال نمبر۶- بی جے پی وشیوسینا کا اتحاد متحدہ مہاراشٹر کا حلف لے گا یا علاحدہ ودربھ کا ؟سوال نمبر ۷- وزیراعلیٰ تھانے میونسپل کارپوریشن کے ذریعے الاٹ کی گئی زمینوں کی تفتیش کب کریں گے؟سوال نمبر۸- ادھوٹھاکرے کے بلیک منی کا کیا ہوا؟ ادھوٹھاکرے کی جائیداد عام کرنے سے متعلق بی جے پی کا اب کیا موقف ہے؟ ادھوٹھاکرے کے مطالبے کے مطابق بی جے پی امیت شاہ کے جائیدادوں کی تفصیل عام کرے گی کیا؟ وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ ادھوٹھاکرے پر عائد الزامات میں صداقت ہے، اس لئے کریٹ سومیا ای ڈی کے پاس شکایت کریں ۔ اس شکایت کا اب کیا ہوگا؟سوال نمبر۹- شیوسینا کریٹ سومیا کو بدعنوان قرار دیتی تھی تو کیا کریٹ سومیا اب بھی بدعنوان ہیں؟ سوال نمبر 10-شیوسینانے الزام عائد کیا تھا کہ ناگپور کے میئر رہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بدعنوانی کی تھی، اس کی تفتیش کون کرے گا؟
اس موقع پر سچن ساونت نے سعودی عربیہ کے آرام کو نامی کمپنی سے نانار پروجیکٹ کے لئے کیا گیا معاہدہ ختم کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ سچن ساونت کا کہنا ہے کہ سعودی عربیہ کے ولی عہد محمد بن سلمان نے ہندوستان کی مخالفت کے باوجود پاکستان میں ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپئے کی مدد دی ہے۔ پاکستان پلوامہ حملے کا ذمہ دار ہے اس لئے ہندوستان سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہ آرام کو کمپنی سے معاہدہ ختم کرے۔