ناندیڑمیںمجسمہ کی نقاب کشائی تقریب سے اشوک چوہان کا خطاب

ناندیڑ۔3نومبر(نامہ نگار) : چھتر پتی راج شری شاہو مہاراج نے تمام طبقات کے ساتھ انصاف کیا تھا۔ اُن کی تعلیمات پر عمل کرنے کی سبھی کو ضرورت ہے۔ خاص کر اقتدار کرنے والوں کو اُن باتوں پر توجہ دینا چاہیے۔ اس طرح کا اظہارِ خیال مہاراشٹر کے سابق چیف منسٹر و رکن پارلیمنٹ اشوک چوہان نے کیا۔ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پاﺅڑے واڑی ناکہ پر محکمہ زراعت سے حاصل کردہ اراضی پر چھترپتی راج شری شاہو مہاراج کا قد آور مجسمہ نصب کیا گیا ہے۔ اس مجسمہ کی نقاب کشائی چھترپتی راج شری شاہو مہاراج کے پوتے اور کولہاپور راج گھرانے کے وارث شریمنت چھترپتی شاہو مہاراج کے ہاتھوں آج شام عمل میں آئی۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کی صدارت رکن پارلیمنٹ اشوک چوہان نے فرمائی۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے سابق وزیر و ایم ایل سی ستیج بنٹی پاٹل‘ رکن اسمبلی ڈی پی ساونت‘ امر راجورکر‘ رام پاٹل راتوڑی کر‘ کولہاپور کے تاریخ داں جئے سنگھ پوار‘ ضلع کلکٹر ارون ڈونگرے‘ ایس پی سنجے جادھو‘ میونسپل کمشنر لہوراج ماڑی‘ میئر شیلا بھورے‘ ڈپٹی میئر ونئے پاٹل ‘ چیئر مین شمیم عبداللہ‘ ہاﺅس لیڈر وریندر سنگھ گاڑی والے‘ اپوزیشن لیڈر گرپریت کور سوڑی‘ موجود تھے۔ پروگرام کے آغاز پر اشوک چوہان نے چھتر پتی شاہو مہاراج کی گلپوشی کرکے اُن کا استقبال کیا۔ زون کے کارپوریٹر علیم خان‘ اُمیش چوہان‘ جیوتی رائے بولے‘ سنگیتا پاٹل اور میونسپل کارپوریشن کے اسٹاف نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ پروگرام کے آغا ز پر میونسپل کمشنر لہوراج ماڑی نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی۔ رکن اسمبلی ڈی پی ساونت نے اپنے خطاب میں کہا کہ شاہو مہاراج کے مجسمہ کے لئے محکمہ زراعت سے ےہ زمین حاصل کی گئی۔ اُس وقت کے ز رعی وزیر رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کافی تعاون کیا تھا۔ شاہو مہاراج کی تعلیمات تمام طبقات کے لئے مشعل راہ ہے کیونکہ انہوں نے مساوات‘ یکساں حقوق اور بہتر سماج کی تشکیل کے لئے اہم اقدامات اُٹھائے تھے۔ ملک کی آزادی سے قبل ریاستِ مہاراشٹر میں جو بے جا رسومات تھیں اُنھیں ختم کرانے میں شاہو مہاراج کا اہم رول رہا۔ اُن کی سوانح حیات مختلف زبانوں میں تحریر کی گئی ہے۔ خاص کر اُردو زبان میں اُن کی کارکردگی اور کارناموں کی کتاب بھی لکھی گئی ہے۔ سابق وزیر و ایم ایل سی کولہا پور بنٹی پاٹل نے اپنے خطاب میں کہا کہ کولہاپور کے مہاراج کا ناندیڑ میں قد آور و عالیشان مجسمہ نصب کیا گیا ہے ےہ تمام کولہاپور کے لوگوں کے لئے باعث فخر ہے۔ مہاراج کی تعلیمات سے سارا ملک واقف ہے۔ انہوں نے ناندیڑ شہر میںانجام دیئے گئے ترقیاتی کاموں کی ستائش کی اور کہا کہ اشوک چوہان اور آنجہانی شنکر راﺅ چوہان کے سبب ناندیڑ نے کافی ترقی کی ہے۔ رکن پارلیمنٹ اشوک چوہان نے اپنے خطاب میں کہا کہ چھتر پتی شاہو مہاراج نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ خواتین کے بھید بھاﺅ کو انہوں نے ختم کروایا تھا۔ اپنے دورِ اقتدار میں انہوں نے تمام طبقات کو انصاف دلانے کا کام انجام دیا تھا۔ پسماندہ طبقات‘ بہوجن سماج اور اقلیتی سماج کے لئے انہوں نے ہمیشہ ہی آواز اٹھائی تھی اور اُن کے ساتھ انصاف کیا تھا۔ اشوک چوہان نے کہا کہ اُن کی تعلیمات پر آج ہمیں عمل کرنا ضروری ہے۔ اشوک چوہان نے کہا کہ کارپوریشن چناﺅ کے منشور میں جن باتوں کا اعلان کیا گیا تھا اُس میں اس مجسمہ کی تعمیر کا کام بھی شامل تھا۔ ایک سال میں ہی اسے مکمل کرلیا گیا ہے۔ موجودہ سیاست دانوں پر انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاہو مہاراج کی تعلیمات پر اقتدار کرنے والے عمل کریں۔ شاہو مہاراج نے مختلف سماجوں میں پیدا شدہ دوری کو ختم کرنے کا کام کیا تھا۔ شاہو مہاراج کے کاموں کو سامنے رکھا جائے تو بڑا فخر محسوس ہوتا ہے۔ اشوک چوہان نے کہا کہ ترقیاتی معاملات میں سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے ہمیشہ ہی ناندیڑ کی ترقی کے لئے توجہ دی ہے۔ اشوک چوہان نے بغیر نام لیے اپوزیشن پارٹیوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ موجودہ اقتدار والے ترقیاتی کاموں میں اپوزیشن پارٹیوں کو نظر انداز کررہے ہیں ےہ مناسب بات نہیں۔ شہر کی ترقی کے لئے تمام لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر آکر کام کرنا چاہیے۔ اشوک چوہان نے کہا کہ وہ جو وعدہ کرتے ہیں اُسے پورا کرتے ہیں۔ کولہاپور راج گھرانے کے وارث شریمنت چھترپتی شاہو مہاراج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہو مہاراج کو اقتدار کے لئے صرف ۰۲ سال کا وقت ہی ملا تھا۔۸۴ سال کی کم عمری میں وہ اس دنیا سے چلے گئے۔ ۸۲ سال کی عمر میں تخت نشین ہوئے تھے۔ اپنے دور اقتدار میں انہوں نے تمام طبقات کو انصاف دلانے کا کام کیا تھا۔ سماج میں پھیلی ہوئی برائیوں کو ختم کرنے کا کام انہوں نے انجام دیتے ہوئے خواتین کی تعلیم پر زور دیا تھا۔ شریمنت شاہو مہاراج نے کہا کہ آج کے دور کے اقتدار کرنے والے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ الیکشن میں بڑے بڑے وعدے کیئے جاتے ہیں اور پھر اقتدار میں آتے ہی انہیں بھلادیا جاتا ہے۔ مہاراج نے کہا کہ چوہان گھرانے سے کولہاپور کے راج گھرانے کا بہت قدیم اور گہرا تعلق رہاہے۔ شنکر راﺅ جی چوہان سے وہ اکثر ملاقات کرتے تھے۔ شریمنت مہاراج نے کہا کہ ناندیڑ میںانتہائی عالیشان قد آور مجسمہ مہاراج کا نصب کیا گیا اور اُس کی نقاب کشائی اُن کے ہاتھ سے عمل میں آئی ےہ اُن کے لئے ایک بے حد مسرت کا موقع ہے۔ اس تقریب میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ پروگرام کے اختتام پر سابق نائب صدر بلدیہ کشور بھورے نے شکریہ ادا کیا۔