شام پر اسرائیلی حملوں میں تیزی ، صدارتی محل کے قریب دھماکے

اسرائیل نے شام پر اپنے فضائی حملے تیز کر دیے ہیں، جن میں وزارت دفاع اور دارالحکومت دمشق ر میں صدارتی محل کے قریب کے علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کی افواج اقلیتی دروز فرقے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے یہ سب کر رہی ہے اور اس کا مقصد حکومت کی حامی افواج کو ختم کرنا ہے جن پر شام کے جنوب مغربی سویدا علاقے میں حملہ کرنے کا الزام ہے۔

سویدا میں مسلح بدو گروپوں اور دروز ملیشیا کے درمیان کئی دنوں کی مہلک جھڑپوں کے بعد اسرائیل نے یہ حملے شروع کیے۔شام کی وزارت خارجہ نے آج فضائی حملوں کے بعد دمشق کے ساتھ ساتھ سویدا میں بھی اسرائیل کی جانب سے ’سرکاری اداروں اور شہری تنصیبات‘ کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔اسرائیل کے حملوں کے بعد دمشق میں وزارت دفاع کی عمارت کے ساتھ ساتھ صدارتی محل کے اطراف کے علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ متعدد شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ شام کا کہنا ہے کہ ’بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کو بھی وسیع نقصان‘ پہنچا ہے۔وزارت خارجہ نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ ’تناؤ کو ہوا دینے، افراتفری پھیلانے اور شام میں سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے‘ کی ’دانستہ پالیسی‘ کے تعاقب میں ’سخت حملے‘ کر رہا ہے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’شام اسرائیل کو اس خطرناک اضافے اور اس کے نتائج کے لیے مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔‘امریکی ایلچی ٹام بیرک نے تمام فریقوں سے کہا ہے کہ وہ تشدد کا رستہ نہ اختیار کریں۔برطانیہ میں قائم مانیٹرنگ گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ اتوار کو لڑائی شروع ہونے کے بعد سے اب تک 300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ثنا نیوز کے مطابق شامی فوجیوں نے سویدا سے انخلا شروع کر دیا ہے۔ خبر کے مطابق فوج شامی حکومت اور سویدا کے مذہبی رہنماؤں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے بعد یہ سب ہوا۔ اس معاہدے کے تحت فوج نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جرائم پیشہ گروہوں کا تعاقب جاری رکھے گی۔سویدا کے باشندوں کی اکثریت کا تعلق دروز اقلیتی کمیونٹی سے ہے۔

اقوام متحدہ کی مذمت، امریکہ کی ثالثی

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سویدا، درعا اور دمشق کے مرکز میں بڑھتے ہوئے اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔ان کے ترجمان کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انتونیو گوتیریس نے ’شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی تمام خلاف ورزیوں کو فوری طور پر بند کرنے‘ کا مطالبہ کیا ہے۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ’ہم نے مخصوص اقدامات پر اتفاق کیا ہے جو آج رات اس پریشان کن اور خوفناک صورتحال کو ختم کر دیں گے۔‘مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ امریکہ کو شام میں اسرائیلی حملوں پر تشویش ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading