ممبئی (آفتاب شیخ)ریاستی حکومت نے درپنکار بالشاستری جامبھیکر سینئر صحافی اعزاز اسکیم میں موجود خامیوں کو دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے وزارت اور قانون ساز نامہ نگاروں کی ایسوسی ایشن کی نو منتخب ایگزیکٹو کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ تمام اعتراضات و تجاویز پر غور کے بعد ایک ماہ کے اندر نظرثانی شدہ ضوابط تیار کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ صحافیوں کے لیے نجی و معروف اسپتالوں میں کیش لیس علاج اور ایس ٹی کارپوریشن کی شیو نیری و شیوائی بسوں میں مفت سفر کی مثبت تجاویز بھی ایک ماہ میں پیش کریں۔
یہ یقین دہانی اس وقت کرائی گئی جب وزارت اور قانون ساز نامہ نگاروں کی ایسوسی ایشن کی نئی ایگزیکٹو کمیٹی نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ میٹنگ میں چیف سکریٹری سجاتا سونک، ایڈیشنل چیف سکریٹریز اقبال سنگھ چہل، سوربھ وجے، سنجے سیٹھی، والسا نیر سنگھ، اور برجیش سنگھ سمیت دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
ایسوسی ایشن کے صدر دلیپ سپاٹے، نائب صدر آلوک دیش پانڈے، جنرل سکریٹری دیپک بھاتوسے، خازن ونود یادو نے سینئر صحافیوں کو درپیش تکنیکی مسائل پر روشنی ڈالی اور اسکیم میں عمر کی حد 60 سے کم کر کے 58 سال کرنے اور 30 سالہ شرط کو 25 سال کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ان تجاویز پر مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو قواعد میں تبدیلی کی ہدایت دی۔
شنکر راؤ چوان گولڈن جوبلی ویلفیئر فنڈ میں بھی اصلاحات کا مطالبہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے برجیش سنگھ کو ایک ماہ میں اس پر منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا تاکہ صحافی نجی اسپتالوں میں کیش لیس علاج حاصل کر سکیں۔ صحافیوں کے لیے بیماریوں کی فہرست میں اضافہ، امداد کو 3 لاکھ تک بڑھانے، اور متوفی صحافی کے شریک حیات کو دی جانے والی امداد کو بھی 1 لاکھ سے بڑھا کر 3 لاکھ کرنے کی ہدایت دی گئی۔
منترالیہ میں داخلے کے لیے تسلیم شدہ صحافیوں کی فیس ریڈنگ جلد مکمل کرنے، اور منترالیہ کی ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق مسائل حل کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔ اس اہم اجلاس میں ایسوسی ایشن کے دیگر ارکان کھنڈوراج گائیکواڑ، منوج دوبے، سوجیت مہامولکر، پرشانت بارسنگھ اور راجن شیلار نے بھی شرکت کی۔