سیاسی جماعتوں کو بوتھ لیول ایجنٹوں کی تقرری کی ہدایت
ضلع کلکٹر اشوک شنگارے کی صدارت میں ووٹر رجسٹریشن افسران اور سیاسی نمائندوں کی میٹنگ
تھانے (آفتاب شیخ)
ضلع کلکٹر اشوک شنگارے کی صدارت میں ضلع کلکٹر آفس کے کمیٹی ہال میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور ووٹر رجسٹریشن افسران کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر اور ضلع الیکشن افسر اشوک شنگارے نے سیاسی جماعتوں کو جلد از جلد اپنے بوتھ لیول ایجنٹوں (BLA) مقرر کرنے اور انہیں ضروری تربیت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
کلکٹر اشوک شنگارے نے ووٹر رجسٹریشن افسران سے کہا کہ وہ بلاک لیول کے افسران کی تقرری کو جلد مکمل کریں اور انہیں مطلوبہ تربیت فراہم کریں تاکہ انتخابی فہرستوں کی تیاری میں شفافیت اور درستگی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی فہرستوں سے فوت شدہ ووٹروں کے نام خارج کرنے کا عمل تیز کیا جائے اور اضافی ووٹر اندرراج کی روک تھام کے لیے سخت نگرانی کی جائے۔
میٹنگ میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ویشالی مانے، مختلف اسمبلی حلقوں کے ووٹر رجسٹریشن افسران، سیاسی جماعتوں کے نمائندے، تحصیلدار، اور الیکشن برانچ کے افسران و عملہ موجود تھا۔ اجلاس میں انتخابی فہرستوں کی درستگی اور صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔