نئی دہلی 07 مئی (یو این آئی) وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے آج کہا کہ سرکاری بینکوں نے رواں برس مارچ۔اپریل کے دوران 41.81 لاکھ تاجروں کے لیے 5.66 لاکھ کروڑ روپیے کے قرض کو منظوری دی ہے۔وزیر خزانہ نے یہاں بتایا کہ جن کے قرض کو منظوری دی گئی ہے ان میں ایم ایس ایم ای، خوردہ کاروباری، زراعت اور کارپوریٹ سیکٹر شامل ہیں۔ منظور شدہ قرض لاک ڈاؤن کے بعد تقسیم کیے جائیں گے۔ اس سے ہندوستانی معیشت کو جلد ہی پٹری پر آنے کی امید ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری زمرے کے بینکوں نے ترجیحی بنیاد پر ایم ایس ایم ای اور دیگر کو قرضوں کی منظوری دی ہے۔ 20 مارچ کے بعد 27 لاکھ افراد نے قرضوں کے لیے بینکوں سے رجوع کیا اور ان میں سے 2.37 لاکھ معاملوں میں 26500 کروڑ روپے کے قرض کی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح این بی ایف سی اور ہاؤسنگ لون کمپنیوں کے لیے 77383 کروڑ روپے کے قرض منظوری کیے ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا کہ سرکاری شعبے کے بینکوں نے بھی ریزرو بینک کی قرض وصولی میں راحت دیے جانے کا بھی خیال رکھا ہے۔ اب تک 3.2 کروڑ قرض داروں نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے۔