بھیونڈی ( شارف انصاری):- بھیونڈی کی معروف درس گاہ دارلعلوم دیوان شاہ کے پچاس سالہ جشن زریں (گولڈن جوبلی) کے موقع پر سرزمین بھیونڈی پر اسپریچول فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام گلوبل پیس کنونشن منعقد ہونے جارہی ہے۔ دارالعلوم دیوان شاہ کے بانی مبانی شیخ طریقت حضرت علامہ سیدمحمد جیلانی اشرف کچھوچھوی مد ظلہ العالی کے ارشادات وہدایات کے مطابق پرشرام ٹاورے اسٹیڈیم گراؤنڈ میں جوش وخروش کے ساتھ بتاریخ ۲۹؍۳۰؍ دسمبر ۲۰۱۸ ء بروز ہفتہ و اتوارشہر بھیونڈی کی تاریخ میں ایک عظیم انقلاب رقم ہونے جارہاہے جس میں ہندو بیرون ہند کے مختلف صوبوں اور شہروں سے علماء واسلامی اسکالرز اور مشائخ و سجادہ نشینان تشریف لارہے ہیں۔ یہ پروگرام دونوں دن دوپہر۳۰:۲؍بجے سے شام ۱۰؍ بجے تک جاری رہے گا۔ متعدد نشستوں میں اسلام کے اصل چہرہ کا صحیح تعارف کرا یاجائے گا۔ جس میں شرکت کرنے والے اپنے ماتھے کی آنکھوں سے دیکھیں گے کہ صوفیائے کرام اپنی خانقاہوں میں بیٹھ کر اللہ کے بندوں کو اللہ سے جوڑنے کیلئے اوراسلام کے پیغامِ امن کو دنیا کے گوشہ گوشہ تک پہونچانے کے لئے کن تعلیمات وہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہیں۔
دارالعلوم دیوان شاہ کے میڈیا انچارج مولانا ساجد حسین صاحب اشرفی نے بتایاکہ یہ اپنی نوعیت کا انتہائی اہم و منفرد پروگرام ہوگا جس کو الفاظ میں نہیں سمجھایا جاسکتا بلکہ شرکت کے بعد ہی اس کی اہمیت کا اندازہ لگایاجاسکتاہے۔گذشتہ کئی مہینوں سے حضور شیخ طریقت صاحب قبلہ مد ظلہ العالی بذات خود اور ان کے ساتھ اہل سنت وجماعت کے عوام وخواص کی ایک ٹیم گولڈن جوبلی کی تیاریوں میں مصروف عمل رہی جو اپنے آخری مرحلہ میں ہے ،بحمدہ تعالی گزشتہ شب والینٹئرز حضرات کی میٹنگ ہوئی جس میں اس عظیم تاریخ ساز پروگرام کی ساری ذمہ داریاں ہر انجمن وکمیٹی کے افراد کے حسب لیاقت وصلاحیت تقسیم کردی گئیں، تقریباًتمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور اب بہت جلد ہم اپنے سر کی آنکھوں سے دیکھیں گے کہ ظاہر کے ساتھ ساتھ باطن کی اصلاح ، ذاتی سکون وخوشحالی، اجتماعی امن وسلامتی، کسی ایک فرد یا ذات نہیں بلکہ پورے ملک ہندوستان کو امن وسلامتی کا گہوارہ کیسے بنایاجاسکتاہے۔
لہٰذا بتاریخ۲۹؍۳۰؍ دسمبر ۲۰۱۸ ء بروز ہفتہ و اتوار،پرشرام ٹاورے اسٹیڈیم گراؤنڈ میں دوپہر ۳۰:۲؍بجے پہونچ کر بزرگان دین کے فیضان سے مالا مال ہوں خطبا کی تقریریں سماعت فرمائیں اور مشائخ کرام کی دعاؤں پر آمین کہیں۔