سبزیاں اور پھل کینسر کے خطرات کم کرنے میں معاون

لندن،: ہرے رنگ کی سبزیاں اور پھل پھیپھڑے، سینے اور رحم مادر کے کینسر کے خلاف مزاحمت اور اس کے خدشات کو کم کرنے میں موثر ثابت ہوتے ہیں۔ حالیہ تحقیق سے یہ سامنے آیا کہ لہسن، پیاز، ادرک، ہری پیاز کے پتے اور اس سے ملتی جلتی سبزیاں قولون کینسر کو روکنے میں مدد دیتی ہیں۔ قولون مستقیمی سرطان جسے انگریزی میں کلیکٹرول کینسر کہا جاتا ہے آنتوں اور نظام انہضام کے دیگر اعضاء میں ہوتا ہے۔ اس کینسر کو باؤل اور قولون کینسر بھی کہا جاتا ہے۔ یہ کینسر نظام ہاضمہ میں اہم کام سر انجام دینے والے اعضاء میں ہوتا ہے جو بعض اوقات انسان کی موت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ قولون مستقیمی سرطان( کلیکٹرول کینسر) پر چینی ماہزین کی تحقیق کے نتائج سے پتہ چلا کہ اس مرض کو لہسن، پیاز اور ہری پیاز کے پتوں سمیت اسی جیسی دیگر سبزیوں سے روکا جا سکتا ہے۔ سائنس جرنل ’ایشیا پیسفک جرنل آف کلینیکل اونکولوجی‘ میں شائع ہونے والی ریسرچ رپورٹ کے مطابق چینی ماہرین نے آنتوں کیکینسر پر لہسن اور پیاز جیسی دیگر سبزیوں کے اثرات کا جائزہ لیا۔

فرسٹ ہاسپیٹل آف چائنہ میڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین نے 833 افراد کے طرز زندگی اور کھانے پینے سمیت دیگر چیزوں پر ریسرچ کی۔ ماہرین نے مردوں ‘ خواتین اور مختلف عمر کے افراد کی غذا اور طرز زندگی کا جائزہ لیا جس سے پتہ چلا کہ جن افراد نے لہسن، پیاز، ادرک اور ہری پیاز کے پتوں سے ملتی جلتی دیگر سبزیوں کا زیادہ استعمال کیا ان میں کلیکٹرول کینسر کے اثرات انتہائی کم پائے گئے۔ ماہرین کے مطابق جو افراد پیاز، لہسن، ادرک اور ہرے پیاز کے پتوں جیسی ملتی جلتی دیگر سبزیاں استعمال کرتے ہیں ان میں عام افراد کے مقابلے کلیکٹرول کینسر ہونے کے امکانات 79 فیصد کم ہوتے ہیں۔ ریسرچ کے یہ نتائج ابتدائی ہیں اور ان پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے، تاہم تحقیق سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ انسان اپنی غذا اور طرز زندگی سے کلیکٹرول کینسر پر قابو پا سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق یہ کینسر مردوں میں پایا جانے والا عام مرض ہے، دنیا بھر میں اس مرض سے 18 لاکھ افراد سالانہ متاثر ہوتے ہیں۔2018 میں کلیکٹرول کینسر سے دنیا بھر میں 8 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس سے پہلے کی ریسرچز میں ماہرین نے کہا تھا کہ ایسے شواہد ملے ہیں کہ ہرے رنگ کی سبزیوں خاص طور پر پتوں والی سبزیوں کے استعمال سے پھیپھڑے، معدے، بریسٹ، رحم مادر اور قولون کینسر کے خطرات کم کیے جا سکتے ہیں۔ یہ سبزیاں ان اجزا سے بھرپور ہوتی ہیں جو کینسر کے پھیلاؤ سے تحفظ فراہم کرتے ہیں، ان میں وٹامن کے بھی پایا جاتا ہے جو ذیابیطس کی روک تھام کے لیے فائدہ مند اور لبلبے کے کینسر کا خطرہ کم کرتا ہے۔ ہفتے میں کم از کم ایک مرتبہ ان سبزیوں کا استعمال کینسر سے بچاؤ میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading