رشتہ داروں سے صلہ رحمی رزق و عمر میں برکت کا راز

انوارالمساجد میں خطبہ جمعہ سے قبل حضرت مولانا سید آصف ندوی کا خطاب

ناندیڑ: 4جنوری (ورق تازہ نیوز)اسلام ایک مکمل دین ہے۔ اسلام انسانوں کی ہر معاملہ میں رہنمائی کرتاہے۔ اسلام صرف نماز، روزہ، حج و عمرہ کاہی نام نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ و رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی مکمل اطاعت کانام ہے۔ اسلام نے جس طرح عبادت کی تلقین کی ہے اسی طرح بندوں کے حقوق کو ادا کرنے پر بھی بہت زیادہ تاکید کی ہے۔ آدمی پر سب سے زیادہ حق اُس کی ماں کا ہے پھر باپ اور پھر اپنی اولاد کا ہے۔ اسی طرح قریبی رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے بھی حقوق ہیں۔ آدمی صرف عبادت کرکے اللہ تعالیٰ کو راضی نہیں کرسکتا، بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اُسے بندوں کے حقوق بھی ادا کرنے پڑیں گے۔ کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسول ﷺ کا حکم ہے کہ بندوں کے حقوق بھی ادا کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیة علماءکے شہر صدر حضرت مولانا سید آصف صاحب ندوی نے انوارالمساجد میں خطبہ جمعہ سے قبل کیا۔ ندوی صاحب نے کہاکہ اسلام میں صلہ رحمی کی بہت زیادہ تاکید و فضیلت بیان کی گئی ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ ” جو شخص اس بات کو پسند کرتا ہے کہ اس کے رزق میں اضافہ ہو اور اس کی عمر میں اضافہ ہو تو وہ صلی رحمی کرے۔“ یعنی رشتے داری توڑے نہیں بلکہ جوڑ کر رکھے۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک سنت یہ بھی ہے کہ آپﷺ خاندان و رشتہ داروں کے بارے میں واقفیت حاصل کرتے، اور اُن کی جائز ضروریات کی تکمیل کے لئے حتی الامکان کوشش کرتے۔ آج ہمارا یہ حال ہے کہ ہم معاشرے میں اپنے آپ کو بااخلاق، متحرک، خدمت گزار وغیرہ باور کرانے کے لئے مختلف کام کرتے ہیں اور ان کاموں کی بدولت لوگ انہیں ایسے القاب سے یاد بھی کرتے ہیں۔ جب وہ راستے سے گزرتے ہیں تو تیس چالیس سلام موصول ہوجاتے ہیں۔ لیکن ان لوگوں کے بارے میں ان کے گھر اور خاندان والوں کی رائے بالکل مختلف و متضاد ہوتی ہے۔ باہر انہیں بااخلاق کہا جاتا ہے تو گھر اور خاندان میں لوگ ان کی غیر اخلاقی حرکتوں سے عاجز ہیں۔ اس دوہرے معیار کی اسلام سخت مذمت کرتا ہے اور اسے نفاق سے تعبیر کرتا ہے۔اور عموماً اس دوہرے معیار کے سبب ظاہر ہونے والے اچھے اعمال ایک طرح کا کھیل ہوتے ہیں جسے لوگ بطور شوق کھیلتے ہیں۔ اگر انسان اللہ و رسولﷺ کو راضی کرنے کی خاطر لوگوں سے معاملات کرے گا تو اُس کا یہ دوہرا رویہ ختم ہوجائے گا۔ ندوی صاحب نے کہا کہ ہر انسان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اسے خوشحال زندگی اور لمبی عمر عطا ہو، اور اس کے لئے وہ ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔ اگر رسولﷺ کے ایک فرمان پر عمل کرلیا جائے تو اس کے رزق اور عمر دونوں میں برکت ہوگی۔ وہ فرمان یہ ہے کہ جو شخص اس بات کو پسند کرتا ہے کہ اس کے رزق میں اضافہ ہو اور اس کی عمر میں اضافہ ہو تو وہ صلی رحمی کرے۔“ اپنے خطاب کے آخری لمحات میں ندوی صاحب نے کہاکہ گھر یا خاندان معاشرے کی اہم اکائی ( یونٹ) ہوتا ہے۔ گھر اور خاندان والوں کے ساتھ حسن سلوک، صلہ رحمی اور اُن کی جائز ضروریات کی تکمیل کے لئے کوشش کرنا اور اُن کے کام آنا بہت بڑی نیکی ہے اور معاشرے کی اصلاح کے لئے بہت زیادہ موثر ہے۔ ندوی صاحب نے مزید کہاکہ مختلف اسباب کی بناءپر رشتہ داروںمیں نااتفاقی و ناچاقیاں پیداہوتے رہتے ہیں، لیکن اسلام ہمیں اس بات کا حکم دیتا ہے کہ جو تم سے ٹوٹے تم اُس سے جڑو، اور جو تمہیں محروم کرے تم اُسے عطا کرو۔ یعنی ہمارے اعمال میں بہتر اخلاق کی شان موجود ہو۔

اپنی رائے یہاں لکھیں