رابوڑی تھانے میں نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ نکلا چھیالیس واں جلوس عیدمیلادالنبی
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان پر عمل اور نیک و صالح معاشرہ تشکیل دینے میں ہی ہماری کامیابی ۔ حضرت سید حسین اشرف قبلہ
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے کے قدیم مسلم آبادی والے علاقے رابوڑی میں گذشتہ چھیالیس سالوں سے سنی سرکل کے زیر اہتمام حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کے موقعہ پر جلوس محمدی نکالا جاتا ہے جس کی قیادت گذشتہ تیئیس سال سے حضور اشرف الصوفیہ شہزاد شہید راہ مدینہ حضرت سید حسین اشرف صاحب قبلہ فرمارہے ہیں۔ گذشتہ روایات کے مطابق امسال بھی نہایت ہی تزک و احتشام کے ساتھ دوپہر ٣ بجے مسجد اشرفیہ سنی سرکل سے حسین میاں کی قیادت میں جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد و شہر بھر کی ملی وسماجی تنظیموں کے علاوہ علمائے کرام و مدارس کے طلبہ شرکت نے شرکت فرمائی۔ جلوس قتل خانہ روڈ سے ہوتے ہوئے ماپلے شاہ بابا درگاہ پہنچا وہاں حاضری دینے کے بعد نماز عصر مسجد نور دوسری رابوڑی میں ادا کی گئی اور وہاں سے حضرت صالح شاہ بابا کی درگاہ پر نماز مغرب ادا کرنے کے بعد جمعہ مسجد، احمد شاہ بابا درگاہ سے پہلی رابوڑی ناکہ پر ہوتے ہوئے دوبارہ مسجد اشرفیہ سنی سرکل پر حضرت حسین اشرف قبلہ کی دعا پر جلوس اختتام پذیر ہوا۔ رابوڑی بھر میں جگہ جگہ پر مقامی افراد و کمیٹیوں کی جانب سے شرکاء جلوس کے لیے کھانے، پینے کی چیزیں و مشروبات تقسیم کیے جارہے تھے۔ مسجد نور کے سامنے ملک میں امن و سلامتی کے لیے حضرت حسین میاں کی موجودگی میں ترنگا جھنڈا لہرایا گیا اور سفید کبوتر و سفید غبارے اڑائے گے اس وقت مقامی کارپوریٹر نجیب ملا، اسسٹنٹ کمشنر نیتا پاڑوی، رابوڑی پولیس اسٹیشن کے سینئر پولیس انسپکٹر راجندر شرتوڑے، صفدر اشرفی، محفوظ اشرفی، سید عباس علی، ڈاکٹر محمد اصغر مقادم، بشیر باپے، قیس راوی، نثار سیفی و دیگر موجود تھے۔ پارس بلڈنگ کے سامنے کارپوریٹر نجیب ملا اور رضوان ملا نے قائد جلوس حضرت حسین میاں کی گلپوشی کی رابوڑی ناکہ پر انجمن خاندیش کے صدر سید عباس علی و دیگر اراکین حسین میاں کی گلپوشی کی اور دعائیں حاصل کی۔
قائد جلوس حضرت سید حسین اشرف (حسین میاں ) نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جلوس کا مقصد ہوتا ہے پیغام سرور کائنات کو عام کرنا ، اسلام میں جن باتوں کو منع کیا ہے اس کے متعلق لوگوں میں بیداری لانا ہے انھوں نے بتایا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ آج مسلمان زمانے کی ٹھوکروں میں ہے اس کا اہم سبب یہ کہ ہماری دین سے دوری جب تک ہم دینی احکامات پر عمل نہیں کریں گے کامیابی مکمن نہیں ہے۔