دہلی مظاہرہ LIVE: کانگریس رہنما سندیپ دیکشت پولس حراست میں

کانگریس لیڈر سندیپ دیکشت پولس حراست میں

نئی دہلی: شہریت قانون کے خلاف احتجاج و مظاہرہ کر رہے کانگریس لیڈر سندیپ دیکشت کو آج پولس نے دارالحکومت کے منڈی ہاؤس کے قریب حراست میں لے لیا۔ منڈی ہاؤس کے قریب جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلبا و طالبات اور دیگر لوگوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔ سندیپ دیکشت نے کہا کہ وہ لال قلعہ جا رہے تھے لیکن پولس نے انہیں وہاں نہیں جانے دیا اور حراست میں لے لیا۔ انهوں نے کہا کہ وہ کل بھی یہاں آئیں گے اور احتجاج کریں گے۔ سندیپ دیکشت نے کہا کہ حکومت کو شہریت ترمیمی قانون واپس لینا چاہیے اور گھبراہٹ میں لوگوں کو ان کے حقوق سے محروم نہیں کرنا چاہیے۔ منڈی ہاؤس کے قریب دفعہ 144 نافذ ہے اس کے باوجود طالب علم وہاں آ رہے ہیں جنہیں پولس حراست میں لے رہی ہے۔


آواز جتنی دباؤ گے، اتنی تیز اٹھے گی… پرینکا گاندھی

دہلی میں شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرے کے دوران انٹرنیٹ، کالنگ اور ایس ایم ایس سروس بند کرنے پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے، انہوں نے ٹوئٹ کر کہا، ’’میٹرو اسٹیشن بند ہیں، انٹرنیٹ بند ہے، ہر جگہ دفعہ 144 نافظ ہے، کسی بھی جگہ آواز اٹھانے کی اجازت نہیں ہے۔ جنہوں نے آج ٹیكس دہندگان کا پیسہ خرچ کر کے کروڑوں کے اشتہارات لوگوں کو سمجھانے کے لئے نکالیں ہیں، وہی لوگ آج عوام کی آواز سے اتنا بوکھلا گئے ہیں کہ سب کی آوازیں بند کر رہے ہیں‘‘۔


دہلی میں زبردست مظاہرہ، کئی علاقوں میں انٹرنیٹ، کالنگ اور SMS سروس بند

دہلی میں شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرہ تیز ہوگیا ہے اسی کے چلتے کئی علاقوں میں انٹرنیٹ، کالنگ اور ایس ایم ایس سروس پر روک لگا دی گئی ہے، ایئرٹیل کی طرف سے بیان آیا ہے کہ حکومت کی طرف سے انہیں حکم دیا گیا ہے کہ دہلی کے کچھ علاقوں میں وائس، ایس ایم ایس، انٹرنیٹ کی سہولت کو بند کر جائے ہے۔

لال قلعہ کے آس پاس حکم امتناعی، متعدد میٹرو اسٹیشن بند

نئی دہلی: شہریت قانون کے خلاف دہلی کے کئی علاقوں میں احتجاج و مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے اور لوگوں کو جنتر منتر اور لال قلعہ جانے سے روکنے کے لئے بہت سے میٹرو اسٹیشن بند کیے گئے ہیں۔ جامعہ نگر علاقے کے جامعہ ملیہ اسلامیہ میٹرو اسٹیشن کے علاوہ اوکھلا وہار، جسولہ وہار میٹرو اسٹیشن کو بند کیا گیا ہے، منیركا میٹرو اسٹیشن بھی بند ہے۔

احتجاج کو دیکھتے ہوئے لال قلعہ کے ارد گرد حکم امتناعی نافذ ہے کیونکہ مظاہرین نے لال قلعہ سے شہید پارک تک مارچ نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ لوگوں کے احتجاج و مظاہرہ کے خدشہ کو دیکھتے ہوئے لال قلعہ، جامع مسجد، چاندنی چوک، یونیورسٹی، پٹیل چوک، لوک کلیان مارگ، ادیوگ بھون، آئی ٹی او، پرگتی میدان، سینٹرل سکریٹریٹ اور خان مارکیٹ میٹرو اسٹیشن بند کر دیئے گئے ہیں۔ سکریٹریٹ کے سبھی انٹری اور ایگزٹ گیٹ بند کیے گئے ہیں لیکن یہاں سے ٹرینوں کو تبدیل کرنے کی سہولت ہے۔

لال قلعہ پر مظاہرین، تصویر قومی آوازْ ویپن

دہلی کے کئی میٹرو اسٹیشن بند، جامع مسجد پر لوگ جمع

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک بھر میں مظاہرہ ہو رہے ہیں لیکن اس کا مرکز دہلی نظر آ رہا ہے کیونکہ یہاں پر بایاں محاذ کے تمام بڑے لیڈر مظاہرہ کی بڑی تیاری میں نظر آ رہے ہیں۔ ادھر ساجھی وراثت کے تحت جامع مسجد دہلی سے شہیدی پارک کو جانے والی ریلی کے لئے بڑی تعداد میں لوگ جامع مسجد پر جمع ہو رہے ہیں۔ ادھر دہلی کے کئی میٹرو اسٹیشن بند کر دیئے ہیں جن میں جامع مسجد، لال قلع، آئی ٹی او، پرگتی میدان وغیرہ شامل ہیں ۔ بایاں محاذ کا مظاہرہ 12 بجے منڈی ہاؤس سے شروع ہوگا۔ ادھر یوگیندر یادو کو پولس نے حراست میں لیا۔



ادھر خبر ہے کہ لال قلع میں جو طلباء مظاہرہ میں حصہ لینے کے لئے گئے ہیں ان میں سے بھی کئی کو پولس نے حراست میں لے لیا ہے۔ واضح رہے کہ یہاں پر دفعہ 144 لاگو ہے اس لئے یہاں پر چار سے زیادہ لوگ جمع نہیں ہو سکتے

تازہ خبروں کے مطابق مظاہر میں شرکت کے لئے جو بھی لال قلع پہنچ رہا ہے اس کو پولس پکڑ کر بس میں بٹھا رہی ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading