چین سے باہر کورونا وائرس کا پہلا کیس تھائی لینڈ میں 13 جنوری کو سامنے آیا تھا۔یہ پیش گوئی کی گئی تھی اس علاقے میں چین سے آنے والوں کی بڑی تعداد ہوتی ہے اس لیے یہ سب سے زیادہ متاثر ہو گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔
ویتنام جہاں اب تک کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور کیسز کی تعداد فقط 268 رہی۔کمیونسٹ پارٹی کی لیڈر شپ نے پہلے ہی اس کے خطرے کو بھانپ لیا تھا۔ انھوں نے جنوری کے آخر میں ہی کہہ دیا تھا کہ اس وائرس سے جنگی انداز میں لڑنا ہوگا۔
اگر کسی ضلعے میں کورونا وائرس کی موجودگی کا پتہ چلتا تھا تو ویتنام کی حکومت پورے علاقے کو قرنطینہ میں تبدیل کر دیتی تھی۔
یہ بھی اہم ہے کہ ویتنام کے پاس ہیلتھ ورکرز کی تعداد کم ہے اور نہ ہی اس کے پاس جنوبی کوریا جیسی مضبوط معیشت کی مانند ٹیسٹ کٹس ہیں۔
یہ ویتنام کی کامیابی ہے کہ اس نے بروقت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کی اور ریاستی مشینری کو درست طور پر مداخلت کے لیے استعمال کیا۔
تھائی لینڈ میں بھی کورونا متاثرین کی تعداد 3000 سے بھی کم ہے اور وہاں اموات بھی 49 ہیں۔
تھائی لینڈ بھی وہ ملک ہے جس کے پاس ٹیسٹ کی صلاحیت کم ہے۔ جنوری سے اب تک ملک میں صرف 140000 ٹیسٹ ہو سکے ہیں۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ وسیع پیمانے پر ٹیسٹ کرنا مہنگا اقدام ہوگا۔
تھائی لینڈ بھی ان ممالک میں شامل ہے جس نے اپنے شہریوں کو بروقت حفاظتی اقدامات کے لیے اعتماد میں لے لیا تھا جیسا کہ فیس ماسک کا استعمال وغیرہ۔
اس کے علاوہ تھائی لینڈ نے کورونا سے متاثرہ افراد سے رابطے میں میں رہنے والوں کا پتہ لگانے میں بھی کامیابی حاصل کی۔ ملک میں 10 لاکھ رضاکاروں کا نیٹ ورک صحت کے شعبے میں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
انڈونیشیا میں کورونا کے متاثرین اور ان کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ وہاں اس وبا سے بچاؤ کے اقدامات کم ہیں۔
میانمار میں جس کی ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت فقط 300 یومیہ ہے وہاں یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکام کی جانب سے بتائے جانے والے اعدادو شمار بہت کم ہیں۔
لیکن جنوب مشرقی ایشیا کے ان تمام ممالک میں سے کہیں بھی یورپ اور امریکہ جیسی صورتحال نہیں ہے۔
ماہرین صحت وثوق سے یہ نہیں بتا سکتے کہ آخر اس کی وجہ کیا ہے؟
شاید اس میں موسم کا کچھ عمل دخل ہو یا پھر سماجی رویے۔
ابھی یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ کیا جنوب مشرقی ایشیا ان اندھوناک مناظر سے بچ سکے گا جو اٹلی اور نیویارک کے ہسپتالوں میں دیکھے گئے۔