بہار انتخابی تشہیری مہم میں حصہ لینے اور اقلیتوں میں پارٹی کی شبیہ کو بہتر بنانے کے عزم کا اعلان
ممبئی،27 ستمبر (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے، جمال صدیقی کو بی جے پی اقلیتی مورچہ کا قومی صدر نامزد کیا گیاہے۔ پارٹی کی جانب سے مختلف عہدوں پر نامزدگیاں کی گئیں ہیں جس میں اترپردیش سے تعلق رکھنے والے اور مھاراشٹرا کے ناگپور شھر میں مقیم و ریاستی حج کمیٹی کے سابق صدر جمال صدیقی کو اب اقلیتی مورچہ کا قومی صدر نامزد کیا گیاہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر نامزد کیے جانے کے بعد، جمال صدیقی نے خبررساں ایجنسی یو این آئی کو ایک انٹرویو دیتےہوئے اپنی نامزدگی پر پارٹی اعلیٰ قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ انھیں دی گئی ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں گے اور پارٹی نے ان پر جو اعتماد کیا ہے، اسے برقرار رکھنے کے لیے پوری جد وجہد کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ انتخابی سیاست اور مقامی خود مختار اداروں کے انتخابات پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے اور اس بات پر خصوصی توجہ دیں گے کہ ان اداروں کے انتخابات کے لیے بی جے پی کو بہتر امیدوارملیں۔
انھوں نے کہا کہ مرکز میں پارٹی کی حکومت اقلیتوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لئے خصوصی طور پر کوشاں ہے اور پارٹی کے "مسلم مخالف” ہونے کے تصور کو بڑی حد تک تبدیل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حزب اختلاف نے بی جے پی کے خلاف اقلیتوں کے مابین "خوف زدہ کرنے کی مہم” چلائی ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ، وہ بہار میں ہونے والے انتخابات کی تشہیری میم میں حصہ لیں گے اور وہاں کے ووٹرس کو پارٹی کے تعلق سے انکے خدشات اور شبہات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔اس ضمن میں انھوں نے بتایا کہ ” اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کو اب واضح یہ احساس ہورہا ہے کہ بی جے پی کے برعکس ، انہوں نے دوسری جماعتیں اور لیڈروں کے جھوٹے وعدوں پر اعتبار کرکے غلطی کی ہے۔”ملک میں ہونے والے لنچنگ کے حالیہ واقعات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ، جمال صدیقی نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت نے ان کے خلاف بات کی ہے اور مجرموں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
ملک میں اقلیتی طبقوں کی ترقی کے لئے خاطر خواہ کام نہ کرنے پر کانگریس کی سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے اقلیتوں کے لئے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔ اور پارٹی مسلمانوں کی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں کیونکہ وہ "سب کا ساتھ، سب کا وکاس” کی پالیسی پر یقین رکھتی ہے۔ جمال صدیقی نے کہا کہ "اگر آپ پچھلے 60 سالوں کے ہمارے ملک کی تاریخ پر غور کریں تو آپ دیکھیں گے کہ کانگریس کے دور حکومت میں کتنے بڑے پیمانے پر فرقہ وارانہ فسادات ہوئے تھے، لیکن اب آپ ملک میں ایسی صورتحال کا مشاہدہ نہیں کریں گے”۔