پونہ۔26اکتوبر۔(محسن رضا ضیائی)شہر پونہ کی معروف روشن مسجد کے وسیع و عریض ہال اور ریاض استاذکے آفس،غلام علی چیمبرمیںجلوس عید میلاد النبی کے ضمن میں ہر سال کی طرح امسال بھی سیرت کمیٹی،پونہ کے زیر اہتمام دو کام یاب نشستوں کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں شہر کے علما، ائمہ، سیاست دان، سماجی کارکنان وشہر کے دیگر ذمہ داران حضرات شریک ہوئے۔واضح ہوکہ پہلی نشست کا انعقاد ۰۲ اکتوبر بروز سنیچربعد نماز عشا ریاض استاذکے آفس،غلام علی چیمبرمیںعمل میں آیا،جس میں جلوسِ عید میلاد النبی کے سلسلے میں علما، ائمہ، سیاست دان ، سماجی کارکنان اور سیرت کمیٹی کے جملہ ذمہ داران نے جلوس کو کام یاب بنانے اور اس میں در آئی خرافات و غلط روایات کو ختم کرنے کے لیے بیش قیمتی اور اہم فیصلے لیے۔اور سبھی کے بیش بہا مشوروں اور اصابت رائے سے امسال جلوس صبح ۹ بجے منو شاہمسجد کے پاس سے برآمد ہونے اوردوپہر ۲ بجے سٹی جامع مسجد کے پاس اختتام پذیر ہونے پر اتفاق کیاگیا ۔اسی طرح دوسری نشست کا انعقاد شہر پونہ کی معروف روشن مسجد کے وسیع ہال میں ۱۲ اکتوبر بروز اتوار کوبعد نمازِعشا عمل میں آیا، جس میں شہر کے تمام ذمہ داران اور عوام نے شرکت کی، مذکورہ نشست میں جلوس عید میلاد النبی کے سلسلے میںسیرت کمیٹی کے ذریعے اٹھائے گئے مثبت اور بہتر اقدامات کو شرکاکے درمیان پیش کیاگیا ، جس پر سبھی شرکائے مجلس اور عوام نے حمایت و تائید کی اور ان کو روبہ عمل لانے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔بعدہ‘سیرت کمیٹی پونہ کے صدر حضرت مولانا غلام احمد صاحب قادری نے یہ اہم اعلان کیا کہ امسال غازی ملت حضرت علامہ سید محمد ہاشمی میاں صاحب اشرفی الجیلانی ،کچھوچھوی کی قیادت میں جلوس صبح ۹ بجے منو شاہ مسجدکے پاس سے برآمد ہوکردوپہر ۲ بجے جامع مسجد سٹی کے پاس اختتام پذیر ہوگا۔ اخیر میںصلوٰة و سلام ہوا اور پھرمولانا ایوب صاحب قبلہ کی دعا پر ایک کامیاب نشست کا اختتام ہوا۔اس موقع پر شہر پونہ کے جملہ علما، ائمہ ،سیاست دان، سماجی کارکنان، ، مختلف تنظیموں، بزموں اور تحریکوں کے ذمہ داران کثیر تعداد میں موجود تھے۔اس طرح کا پریس نوٹ سیرت کمیٹی ،پونہ نے جاری کیا۔