اورنگ آباد:(جمیل شیخ): ٹرک اور اسکوٹی کے درمیان پیش آئے تصادم میں ایک ۱۸؍ سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ یہ حادثہ کل شام پنڈھر پور کے مہاویر چوک پر پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق سید سمیر سید حبیب ۱۸؍ سال ساکن گول واڑی گذشتہ ۲ مہینے سے ایک ٹووہیلر کے شوروم میں ملازم کی حیثیت سے کام کررہا تھا۔ آج شوروم بند ہونے کے بعد سید سمیر اپنی اسکوٹی نمبر MH20 AH2632پر سوار ہو کر پنڈھر پور سے گول واڑی جارہا تھا اس دوران مہاویر چوک پر ٹرک نمبر Mh20 AP4817کے ڈرائیور نے اپنی گاڑی تیزرفتاری سے چلاتے ہوئے اسکوٹی کو ٹکر مار دی جس کی وجہ سے نوجوان سید سمیر شدید زخمی ہوگیا اسے لوگوں نے فوری علاج کے لئے گھاٹی اسپتال داخل کروایا جہاں ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد اسے مردہ قرار دیا بعد ازاں والوج ایم آئی ڈی سی پولس نے جائے حادثہ کا پنچنامہ کرکے سید عمران کی شکایت پر ٹرک ڈرائیور کے خلاف کیس درج کرلیا واضح رہے کہ سید سمیر کے گھر کی مالی حالت خستہ ہے اس لئے سید سمیر پڑھائی کے ساتھ ساتھ پارٹ ٹائم ٹو وہیلر شوروم میں کام کررہا تھا سید سمیر ایس بی کالج میں ۱۲؍ جماعت کا طالب علم تھا۔