تھانے کانگریس کا غیر قانونی عمارتوں کے خلاف جارحانہ احتجاج، ورتک نگر میں بھوک ہڑتال جاری وکرانت چوہان کی وارننگ – کارروائی نہ ہ وئی تو میونسپل کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنا دوں گا

تھانے کانگریس کا غیر قانونی عمارتوں کے خلاف جارحانہ احتجاج، ورتک نگر میں بھوک ہڑتال جاری
وکرانت چوہان کی وارننگ – کارروائی نہ ہوئی تو میونسپل کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنا دوں گا

تھانے، 11 جون (آفتاب شیخ)
تھانے شہر میں بڑھتی ہوئی غیر قانونی تعمیرات اور انتظامیہ کی مبینہ چشم پوشی کے خلاف تھانے کانگریس نے ایک بار پھر محاذ کھول دیا ہے۔ تھانے کانگریس کے صدر ایڈوکیٹ وکرانت چوہان کی قیادت میں ورتک نگر وارڈ کمیٹی دفتر کے سامنے بھوک ہڑتال جاری ہے۔ کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ انتظامیہ اور متعلقہ افسران کی کارکردگی مشکوک ہے اور اس میں بدعنوانی کی بو آرہی ہے۔

کانگریس کی جانب سے بتایا گیا کہ اس سے قبل بھی انتظامیہ کو متوجہ کرنے کے لیے اسی طرح احتجاج کیا گیا تھا، جس کے بعد ایک غیر قانونی عمارت کو توڑ دیا گیا تھا اور دیگر غیر قانونی عمارتوں کے خلاف کارروائی کا تحریری یقین دلایا گیا تھا۔ تاہم، مہینوں بعد بھی انتظامیہ نے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا۔

وکرانت چوہان نے کہا، "وارڈ کمیٹی سے کچھ ہی فاصلے پر نالے پر تعمیر غیر قانونی عمارت اس بات کا ثبوت ہے کہ انتظامیہ دانستہ طور پر کارروائی سے گریز کر رہا ہے۔ متعلقہ افسران بدعنوانی میں ملوث ہیں اور سیاسی دباؤ میں کام کر رہے ہیں۔ جب تک غیر قانونی عمارتوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی، بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔"

انہوں نے مزید بتایا کہ چار سال قبل ورتک نگر ناکہ پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) اسکیم کے تحت ایک تجویز منظور کی گئی تھی اور کمشنر کی منظوری بھی حاصل تھی، اس کے باوجود وہاں غیر قانونی تعمیرات دھڑلے سے جاری ہیں۔ وکرانت چوہان نے خبردار کیا، "اگر فوری طور پر کارروائی نہیں ہوئی تو میں خود کمشنر آفس کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھ جاؤں گا۔ جو افسران غیر قانونی تعمیرات کو تحفظ دے رہے ہیں اور اپنی جیبیں بھر رہے ہیں، ان کی تحقیقات ہونی چاہیے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔"

تھانے کانگریس کی یہ تحریک نہ صرف مقامی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوال کھڑے کر رہی ہے بلکہ غیر قانونی تعمیرات کو حاصل سیاسی پشت پناہی کے خلاف بھی سخت پیغام بن کر سامنے آئی ہے۔ شہر میں غیر قانونی تعمیرات کا مسئلہ اب صرف مقامی نہیں رہا بلکہ شہری منصوبہ بندی کے لیے بھی ایک سنگین چیلنج بنتا جا رہا ہے۔ کانگریس کے جارحانہ رخ کے بعد انتظامیہ پر دباؤ بڑھنے لگا ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading