منسے کے الٹی میٹم کے بعد اخبار فروش یونین میدان میں، تھانے اسٹیشن پر سیکورٹی سخت

تھانے، 11 جون (آفتاب شیخ)
ممبرا اور دیوا کے درمیان پیر کی صبح پیش آئے لوکل ٹرین حادثے کے خلاف مہاراشٹر نونرمان سینا (منسے) نے منگل کے روز تھانے ریلوے اسٹیشن پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر منسے نے ریلوے انتظامیہ کو کئی مطالبات پیش کیے، جن میں ایک اہم مطالبہ یہ بھی تھا کہ ریلوے اسٹیشن پر موجود اخبارات اور کھانے پینے کے اسٹالوں کو دو دن کے اندر ہٹا دیا جائے، ورنہ پارٹی اپنے ’انداز‘ میں کارروائی کرے گی۔
منسے کی اس دھمکی پر ورتپتر وکریتا سنگھ (اخبار فروش یونین) نے سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے اس مطالبے کی مخالفت کی ہے۔ یونین کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن پر موجود اخبارات کے یہ اسٹال آج کے نہیں بلکہ آزادی سے پہلے کے دور سے قائم ہیں۔
اخبار فروش یونین کے مطابق اسٹیشن کے احاطے میں ایک یا دو ہی اسٹالز ہیں اور ان کے پاس ریلوے کا باقاعدہ لائسنس بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیشن کے باہر جو دیگر اخبار فروش اسٹال لگاتے ہیں، ان کے پاس میونسپل کارپوریشن کے جاری کردہ قانونی لائسنس موجود ہیں۔ یونین کے مطابق یہ پیشہ ان کے خاندانوں میں نسل در نسل جاری ہے۔ ان کے والدین اور بزرگ بھی اسی پیشے سے وابستہ رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ان اسٹالوں کی موجودگی سے اسٹیشن پر کسی بھی قسم کی بدنظمی یا بھیڑ کا سامنا نہیں ہوتا۔
منسے کی دھمکی اور اخبار فروش یونین کے اعتراض کے بعد بدھ کو تھانے ریلوے اسٹیشن پر تھانے پولیس اور ریلوے پولیس فورس (آر پی ایف) کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ فی الحال صورت حال قابو میں ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان کسی بھی قسم کے ٹکراؤ سے بچنے کے لیے پولیس پوری طرح مستعد ہے۔ ریلوے انتظامیہ بھی پورے معاملے پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔