تھانے میں جدید کھیل سہولتوں کی فراہمی کا اہم قدم
وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک کے دست سے اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام بوریوڈے میدان، کاسروڈولی میں دھرمویر آنند دیگھے اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے اتوار کی دوپہر رکھا۔ یہ منصوبہ ریاستی حکومت کی ’میونسپل حدود میں بنیادی سہولیات کی ترقی‘ اسکیم کے تحت 75 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔
یہ اسپورٹس کمپلیکس علاقے کے شہریوں اور کھلاڑیوں کے لیے اہم سہولت ثابت ہوگا۔ پرتاپ سرنائک نے اس موقع پر کہا کہ جدید کھیل سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور یہ منصوبہ تھانے میں کھیلوں کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
تقریب میں سابق کارپوریٹر سادھنا جوشی، سابق کارپوریٹر پورویش سرنائیک، ایگزیکٹیو انجینئر سنجے کدم، ڈپٹی انجینئر بی۔ وی۔ گوہانے اور دیگر معززین موجود تھے۔ علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اس منصوبے پر خوشی کا اظہار کیا۔
بوریوڈے میدان کا مجموعی رقبہ 84,974 مربع میٹر ہے، جس میں سے 6,819 مربع میٹر پر جم خانہ تعمیر کیا جائے گا۔ اس میں بیڈمنٹن کورٹ، کرکٹ پریکٹس نیٹ، ریسلنگ ایریا، کیفے ٹیریا، اور دیگر انڈور کھیلوں کے انتظامات ہوں گے۔ اسی طرح آؤٹ ڈور کھیلوں جیسے ریسلنگ پول، کبڈی، کشتی، باسکٹ بال کورٹ، والی بال کورٹ، اور اسکیٹنگ ٹریک کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اس منصوبے میں میدان کی مکمل سطح بندی، حفاظتی دیوار، اور ایک پرکشش داخلی راستہ بھی شامل ہے۔ توقع ہے کہ اس کمپلیکس کی تعمیر سے علاقے میں کھیلوں کے شوقین افراد کو عالمی معیار کی سہولتیں حاصل ہوں گی۔
