ممبئی: مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر توکارام منڈھے کی قیادت میں جاری کارروائی کے دوران آئی آئی ٹی بمبئی کے پوا ئی کیمپس میں دو کینٹینوں کے خلاف بڑی کارروائی کی گئی ہے۔ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ہاسٹل نمبر 1 اور ہاسٹل نمبر 3 میں واقع دونوں کینٹینوں کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے افسران کی جانب سے کی گئی جانچ کے دوران ان کینٹینوں کے پاس ضروری ایف ایس ایس اے آئی لائسنس موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا۔ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کی خلاف ورزی سامنے آنے کے بعد دونوں کینٹینوں کا کام فوری طور پر بند کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ ہاسٹل نمبر 12، 13 اور 14 کے لیے کھانا فراہم کرنے والی کیٹرنگ کمپنی کے پاس درست لائسنس موجود ہونے کے باوجود صفائی اور غذائی تحفظ سے متعلق کچھ خامیاں پائی گئیں۔ اس سلسلے میں متعلقہ کیٹرنگ ادارے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے خامیوں کو دور کرنے اور اس کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ریاست میں جاری خصوصی فوڈ سیفٹی مہم کے تحت ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، کینٹینوں، کلاؤڈ کچن اور دیگر غذائی کاروباروں کی اچانک جانچ کی جا رہی ہے۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کا واضح اشارہ محکمہ کی جانب سے دیا گیا ہے۔
توکارام منڈھے کی قیادت میں جاری اس مہم کا مقصد تعلیمی اداروں اور دیگر عوامی مقامات پر غذائی تحفظ کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانا اور طلبہ و عام شہریوں کو محفوظ اور معیاری کھانا فراہم کرنا ہے۔ا