مدورائی:حکام کے مطابق آج ہفتے کے روز کم از کم نو افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب جنوبی بھارت میں مدورائی کے اسٹیٹشن پر کھڑی ٹرین کی ایک بوگی میں اس وقت آگ لگ گئی جب ایک مسافر چائے بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔
ہفتے کو ٹرین میں آگ لگنے کا یہ واقعہ جنوبی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر مدورائی کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ٹرین کی ایک کوچ میں صبح سویرے پیش آیا ۔ آگ جس کوچ میں لگی وہ ٹرین سے جُڑی نہیں تھی بلکہ یہ کوچ ٹرین سے الگ تھی جسے ایک ‘پرائیوٹ ٹورسٹ آپریٹر‘ نے بُک کروایا تھا۔ اس بارے میں ضلع مدورائی کی انتظامیہ کے ایک ترجمان سالی تھیلیپاتی نے اے ایف پی کو بتایا، ”یہ بوگی ٹرین سے الگ کھڑی تھی جسے ایک نجی ٹورسٹ اُپریٹر نے بک کرایا تھا۔
اس کوچ میں کسی نے چائے بنانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں یہ آگ لگی۔‘‘ سالی تھیلیپاتی کا مزید کہنا تھا، ”نو افراد کی موت ہو چکی ہے، ان میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ نو دیگر افراد زخمی ہیں لیکن ان کی چوٹیں جان لیوا نہیں ہیں۔‘‘ بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں میں سے کسی ایک کی بھی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق جس نجی کوچ میں آگ لگی اُسے لکھنو سے رامیشورم جانے والی ٹرین میں شامل کیا گیا تھا۔ اس کوچ میں سوار مسافر، عملے کو خبر ہوئے بغیر خفیہ طور پر گیس سلنڈر ساتھ لے گئے۔ مدورائی اسٹیشن پر ٹرین رُکی تو انہوں نے چائے بنانے کے لیے چولھا جلانے کی کوشش کی، سلنڈر پھٹ گیا اور اس سے آگ بھڑک اُٹھی۔ واضح رہے کہ ٹرین میں گیس سلنڈر لے جانے پر پابندی عائد ہے۔