حیدرآباد: دل کا دورہ پڑنے سے تلنگانہ آرٹی سی کے ایک اور ڈرائیور کی موت ہوگئی۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں پیش آیا۔اس ڈرائیور کی شناخت جے پال ریڈی کے طورپر کی گئی ہے جو آرٹی سی ورکرس ہڑتال کی وجہ سے کافی مایوس تھا اور اس کا خاندان ہڑتال کے نتیجہ میں تنخواہ نہ ملنے پر معاشی مشکلات کا شکار ہوگیاتھا۔ضلع کے نامپلی منڈل کے لنگم پلی میں واقع مکان میں پیر کو علی الصبح اس کو دل کا دورہ پڑا جس پر اس کے ارکان خاندان نے اس کو علاج کے لئے فوری طورپر دیورکنڈہ کے اسپتال منتقل کیا۔بعد ازاں بہتر علاج کے لئے اس کو حیدرآباد منتقل کیا جارہا تھا کہ راستہ میں ہی اس کی موت ہوگئی۔
جے پال ریڈی کی موت کے بعد اس کے اہل خانہ اور ہڑتالی آرٹی سی ورکرس نے نلگنڈہ ضلع کے دیورکنڈہ آرٹی سی ڈپو کے سامنے اس کی لاش کے ساتھ دھرنادیا۔ان ہڑتالی ورکرس نے سڑک پر بیٹھ کر حکومت مخالف نعرے بازی کی۔اس دھرنے کے نتیجہ میں گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہوئی جس پر پولس نے مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کیا۔اس ڈرائیور نے گزشتہ روز اپنے ساتھی ہڑتالی ورکرس کے ساتھ ڈپو کے سامنے احتجاجی پروگرام میں بھی حصہ لیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ تلنگانہ آرٹی سی ورکرس کی ہڑتال پیر کو 31ویں دن میں داخل ہوگئی۔آج بھی ہڑتالی ورکرس نے اپنے مطالبات کی تکمیل پر زور دیتے ہوئے ریاست کے مختلف مقامات کے بیشتر ڈپوز میں دھرنا دیا اور مختلف قسم کے احتجاج کیے۔آج صبح کھمم ضلع کے ستو پلی میں آرٹی سی ڈپو کے سامنے ہڑتالی ورکرس نے مظاہرہ کیا۔ان کے اس مظاہرہ کی حمایت مختلف اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران نے کی اور انہوں نے بھی دھرنا دیا۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ مطالبات کی تکمیل تک یہ ہڑتال جاری رہے گی۔
کوتہ گوڑم میں ڈپو کے سامنے ہڑتالی ورکرس نے اپنے ارکان خاندان کے ساتھ بیٹھ کر دھرنا دیااور ڈپوسے بسوں کو باہر آنے سے روک دیا۔ان دھرنا دینے والے ورکرس کو پولس نے حراست میں لے لیا۔سوریہ پیٹ ضلع کے کوداڑ کے قریب ڈپومیں بسوں کو باہر آنے سے ورکرس نے روک دیا۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
