اورنگ آباد 28 /مئی . تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکادمی کی جانب سے بچوں میں اردو زبان و ادب کے فروغ اور ان میں مطالعہ کا شوق پیدا کرنے کے لیے "ماہنامہ روشن ستارے ” کے نام سے بچوں کا رسالہ شائع کرنے جا رہی ہے. اس سلسلے میں ایک خصوصی میٹینگ اردو اکیڈمی کے دفتر واقع اسٹیٹ حج کمیٹی میں بلائی گئ تھی. بچوں کے ادب کے فروغ اور اردو کتابوں کی نشر و اشاعت کام طویل تجربہ رکھنے والے اورنگ آباد کے مرزا عبدالقیوم ندوی کو خصوصی مدعو کیا گیا تھا. واضح رہے کہ مرزا عبدالقیوم ندوی نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان دہلی سے شائع ہونے والے رسالہ ماہنامہ” بچوں کی دنیا”کی اشاعت کو مختصر عرصے میں پچاس ہزار کی تعداد میں ماہانہ اشاعت تک پہنچا دیا تھا اور صرف ساٹھ دنوں میں ایک لاکھ 500 کاپیاں فروخت کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا.

چنانچہ ان کی اس کارکردگی اور بے پناہ صلاحیتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے صدر اردو اکیڈمی رحیم الدین انصاری نے انہیں مشاورتی میٹنگ میں شرکت کیلئے مدعو کیا تھا. ندوی کو اورنگ آباد سے ماہنامہ روشن ستارے کو آندھرا پردیس، تلنگانہ اور مہاراشٹر میں فروغ دینے کے لیے مدعو کیا گیا تھا. اس میٹنگ میں محمد عبد الوحید (آئی ایف ایس ریٹائرڈ) نائب صدر نشین و منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹی فائناس کارپوریشن، مشہور مصنف ڈاکٹر عبدالمجید بیدار، ماہنامہ روشن ستارے کے نائب مدیر سردار سلیم اور ہدی بک ڈپو کے مالک شکیل احمد موجود تھے.