حیدرآباد، 16جون (یواین آئی)ایک روپیہ میں آخری رسومات کی اسکیم جس کا حال ہی میں اعلان کیا گیا تھا کا آج رسمی طورپر تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے کریم نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے آغاز کردیاگیا۔میئر رویندر سنگھ نے اس اسکیم کا آغاز کیا۔یہ اسکیم ان ہی کے ذہن کی اختراع ہے جس کا مقصد غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی موت پر آخری رسومات کے بوجھ میں کمی کرنا ہے۔
بھوانی نگر میں مرنے والی ایک خاتون جس کی شناخت ایم للیتا کے طور پر کی گئی ہے‘ کی آخری رسومات میں خود میئر رویندر سنگھ نے حصہ لیا۔انہوں نے اس خاتون کی ارتھی کو کاندھا بھی دیا۔ میئر نے آخری رسومات کے سلسلہ میں پہلی رسید اس خاتون کے شوہر کے حوالے کی۔بعدازاں اس کے گھر سے ارتھی کا جلوس نکالا گیاجس میں اس کے ارکان خاندان کے علاوہ میئر نے بھی حصہ لیا۔میئر نے اس اسکیم کے فائدوں سے بھی واقف کروایا۔انہوں نے کہاکہ سماجی ذمہ داری کے طورپر اس اسکیم کی کارپوریشن کی جانب سے شروعات کی گئی ہے۔انہوں نے اسے ایک مقدس کام قرار دیااور کہا کہ غریب افراد کی موت کے بعد ان کے آخری رسومات کے لئے ہونے والے مالی بوجھ کو کم کرنا اس اسکیم کا مقصد ہے۔مسٹرسنگھ نے کہا کہ اس اسکیم کی کامیابی کے لئے تقریبا 1.5کروڑ روپئے الاٹ کئے گئے ہیں۔ساتھ ہی دو گاڑیوں کی بھی خریداری کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر مردہ کی آخری رسومات کے لئے چھ تا دس ہزار روپئے درکار ہوتے تھے تاہم اس اسکیم کے آغاز سے غریب اور متوسط طبقہ کے افراد کیلئے سہولت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار پر ریاست بھر میں عمل کیا جانا چاہئے۔قبل ازیں ایک روپے میں نل کے کنکشن کی اسکیم کا بھی کریم نگر سے آغاز ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ذات‘ مذہب سے بالاتر ہوکر اس پروگرام پر عمل کیاجائے گا۔