صنعاء، 16 جون (ژنہوا) شمال مغربی یمن کے صوبہ حجہ میں اتوار کو سعودی اتحاد کے فضائی حملے کی زد میں آنے سے ایک گھر تباہ ہوگیا، جس میں ایک خاتون اور اس کے تین بچوں کی موت ہوگئی۔ یہ اطلاع مقامی باشندوں اور طبی ذرائع نے دی ہے۔
طبی ذرائع نے بتایا کہ یمن کے ضلع عبس میں کیے گئے حملے میں جار علاقے میں ایک گھر پر بم گرا، جس سے ایک ہی کنبہ کے چار افراد کی موت ہوگئی اور ایک دیگر لڑکی زخمی ہوگئی۔
یمن میں سعودی اتحاد کے فوجی دستے یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت کی حمایت میں ایران نواز حوثی باغیوں کے خلاف لڑائي لڑ رہے ہيں۔ حالیہ عرصے میں سعودی عرب کے مختلف سرحدی علاقوں میں حوثی باغیوں کی طرف سے ڈرون اور میزائل حملے بڑھ گئے ہيں اور سعودی عرب کے ابہاء ایئر پورٹ پر گزشتہ ہفتہ کیئے گئے حملے میں 26 افراد زخمی ہوئے تھے۔