بی سی سی آئی سربراہ سورو گنگولی کی طبیعت بگڑی، کولکاتا کے اسپتال میں داخل

نئی دہلی: بورڈ آف کرکٹ کنٹرول آف انڈیا (بی سی سی آئی) کے سربراہ اور ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سورو گنگولی کو سینے میں درد کی شکایت کے بعد کولکاتا کے ووڈ لینڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس کی اطلاع خبررساں ایجنسی اے این آئی نے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گنگولی کی حالت اب مستحکم ہے اور انہیں نجی اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔اسپتال کے عہدیدار کے مطابق جمعہ کی شام کو ورک آؤٹ سیشن کے بعد انہوں نے سینے میں درد کی شکایت کی تھی اور آج دوپہر دوبارہ ایسی ہی پریشانی کے بعد اہل خانہ نے انہیں اسپتال پہنچایا۔ عہدیدار نے کہا، ‘‘اب ان کی حالت مستحکم ہے۔

ہم دیکھ رہے ہیں کہ یہ درد سے جڑے کسی مسئلہ کی وجہ سے تو نہیں ہے۔ ان کے کئی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔‘‘سورو گنگولی کے اسپتال میں داخل ہونے پر ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’مجھے یہ جان کر تکلیف ہوئی کہ سورو گنگولی کو ہلکا دل کا دورہ پڑا ہے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میں ان کی صحت میں تیزی سے بہتری کی تمنا کرتی ہوں۔ میری تعزیت اور دعائیں ان کے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔دنیائے کھیل کے سینئر صحافی بوریا مجمدار نے ٹوئٹ کیا، ’’جب گنگولی جم میں تھے تو انہیں چکر آیا اور وہ ٹیسٹ کرانے کے لئے ووڈ لینڈ اسپتال گئے۔ جب یہ معلوم چلا کہ گنگولی کو دل سے متعلق تکلیف ہے تو اسپتال نے ڈاکٹر سروج منڈل کی قیادت میں تین رکنی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جو ان کا علاج کرے گا۔‘‘گنگولی کے بڑے بھائی سنیہا شیل اور ان کی اہلیہ ڈونا گنگولی اس وقت اسپتال میں موجود ہیں۔ کچھ رپورٹوں میں کہا جا رہا ہے کہ گنگولی کی اینجیوپلاسٹی ہو گئی جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ یہ شام تک ہونی ہے۔ فی الحال ان کی حالت مستحکم ہے۔

جلد صحت مند ہوجاؤ گے دادا:وراٹ

نئی دہلی،2 جنوری (یواین آئی) ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے سابق کپتان اور ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سوربھ گانگولی کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کرتے ہوئے ہفتے کو کہا کہ دادا آپ جلد صحت مند ہوجاؤ۔


48 سالہ گانگولی کو سینے میں درد کی شکایت کے بعد کولکاتہ کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔گانگولی کی طبیعت خراب ہونے کے بعد وراٹ،بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بی سی سی آئی کرکٹ برادری نے ان کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کی ہے۔وراٹ نے ٹویٹ کرکے کہا،’’گانگولی کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ دادا آپ جلد صحت مند ہوجاؤ۔آئی سی سی نے کہا،’’سابق ہندوستانی کپتان اور بی سی سی آئی کے موجودہ صدر گانگولی کو دل کا دورہ پڑا ہے۔ ان کی حالت فی الھال مستحکم ہے اور ہم ان کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کرتے ہیں۔‘‘
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کہا،’’گانگولی کے جلد ٹھیک ہونے کی دعا کرتا ہوں۔ میں نے ان کے کنبے کے ساتھ بات کی ہے۔ دادا کی حالت مستحکم ہے اور ان پر علاج کا اثر ہورہا ہے۔‘‘ٹیم انڈیا کے سابق سلامی بلے باز ویریندر سہواگ نے کہا،’’دادا جلدی سے ٹھیک ہوجاؤ۔آپ کے جلد صحت مند ہونے کی دعا کرتاہوں۔‘‘

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading