مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس کے سینئر لیڈر پرتھوی راج چوہان نے بدھ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے انتخابی نعرے’370 پار ‘کو نشانہ بناتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ وہ ملک کے آئین میں ترمیم کرنا چاہتی ہے۔
کل ضلع دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرتھوی راج چوہان نے دعویٰ کیا کہ اس طرح کا نعرے دیکر بی جے پی ملک میں جمہوریت کو تباہ کرنے اور مہاراشٹر میں اپوزیشن جماعتوں کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے ۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ چونکہ بی جے پی کو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں جیت کا یقین نہیں ہے اس لئے وہ دوسری سیاسی جماعتوں کو توڑنے میں مصروف ہے۔کانگریس کے رہنما نے کہا کہ اس بنیاد پر لوگوں کو اس انتخاب کو سنجیدگی سے لینا چاہئے اور جمہوریت اور ملک کے آئین کی حفاظت کے لئے سمجھداری سے ووٹ دینا چاہئے۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ ریزرویشن کے معاملہ پر مراٹھا اور او بی سی برادریوں کے درمیان جھگڑا پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مہا وکاس اگھاڑی کے اتحادیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ چونکہ بی جے پی نے مبینہ طور پر ریاست میں سیاسی پارٹیوں کو توڑنے کا سہارا لیا ہے، اس لیے وہ ایسے امیدواروں کو میدان میں اتاریں گے جن کی حمایت کانگریس، شیو شیو سینا (یو بی ٹی) اور این سی پی (شرد پوار) جیسے تین اتحادی شراکت داروں نے متفقہ طور پر منتخب کیا ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ونچیت بہوجن اگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر ایم وی اے کے ساتھ رہیں گے.