بی بی سی کی دستاویزی فلم معاملہ، سپریم کورٹ پابندی کے خلاف درخواست سننے کے لیے تیار

نئی دہلی:سپریم کورٹ نے پیر یعنی 6 فروری کو 2002 کے گجرات فسادات پر بی بی سی کی ایک دستاویزی فلم پر مرکزی حکومت کی جانب سے عائد کی پابندی کو چیلنج کرنے والی عرضی پر غور کرنے پر اتفاق کیا۔ ایڈوکیٹ ایم ایل شرما نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ کے سامنے فوری سماعت کا مطالبہ کیا تھا۔

اس پر عدالت عظمیٰ نے 6 فروری کو سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ عدالت اگلے پیر کو صحافی این رام اور ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن کے ذریعہ دستاویزی فلم کے لنک اور اپنے ٹوئٹس کو ہٹانے کے لیے دائر کی گئی ایک علیحدہ درخواست کی بھی سماعت کرے گا۔ جس میں مرکزی حکومت نے حکم دیا تھا کہ دستاویزی فلم سے متعلق سارے ٹوئٹس ہٹا دیئے جائیں۔