اگر آپ کو یہ سن کر یقین نہ آئے کہ کسی شخص نے طلاق کی خوشی میں دودھ سے نہایا، تو جان لیجیے کہ یہ بالکل سچ ہے۔ یہ عجیب و غریب واقعہ شمال مشرقی ریاست آسام کے نلباڑی ضلع میں پیش آیا ہے، جہاں مانوک علی نامی ایک شخص نے اپنی بیوی سے قانونی طور پر علیحدہ ہونے کی خوشی میں دودھ سے غسل کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں مانوک علی کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: "آج سے میں آزاد ہوں۔” وہ مزید کہتا ہے کہ "وہ (بیوی) اپنے عاشق کے ساتھ بھاگتی رہی اور میں اپنے خاندان کی عزت اور سکون کی خاطر خاموش رہا۔ میرے وکیل نے مجھے اطلاع دی ہے کہ اب میرا طلاق ہو گیا ہے، اس لیے میں جشن منانے کے لیے دودھ سے نہا رہا ہوں۔”
بیوی پہلے بھی دو بار گھر چھوڑ چکی تھی
مقامی لوگوں کے مطابق، مانوک علی کی بیوی اس سے پہلے بھی کم از کم دو بار اپنے عاشق کے ساتھ گھر چھوڑ چکی تھی۔ آخرکار دونوں نے باہمی رضامندی سے اپنی شادی کو قانونی طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
سوشل میڈیا پر شدید تنقید
مانوک علی کے اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ زیادہ تر صارفین نے اسے شرمناک حرکت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاں ملک میں بہت سے لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، وہاں دودھ جیسی نعمت کی یوں بربادی افسوسناک ہے۔
کئی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ صرف ویڈیو وائرل کرنے اور لائکس حاصل کرنے کے لیے ایسی حرکتیں کرتے ہیں، جو معاشرتی اخلاقیات کے خلاف ہیں۔