بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی شہر کے اسلام پورہ علاقہ وارڈ نمبر پانچ میں آج دوپہر اس وقت دو منزلہ عمارت گر گئی کہ جب زور دار بارش ہورہی تھی ۔اس پچاس سالہ پرانی گراونڈ پلس ون عمارت میں کل بارہ خاندان رہتے تھے نیچے پاورلوم کارخانہ تھا مگر پاورلوم کافی دنوں سے نکال دیا گیا تھا عمارت کی بوسیدگی اور سنگینی کو دیکھتے ہوئے سب مستعد تھے چنانچہ سلیپ کا پلاستر اور شہتیر جب جھکنے لگی تو فورا لوگوں نے خالی کردیا مگر اب لوگ کہاں جائیں ۔مقامی کارپوریٹر ملک مومن نے مہانگرپالیكا کو فوری طور پر مکتوب دے کر مطالبہ کیا ہے کہ 23 جولائی کو ہونے والے مہاسبھا میں آج کے حادثے کے متاثرین کی امداد کی تجویز لائی جائے اور متاثرین کو رہنے کے لئے کوئی انتظام مہانگر پالیکا کرے یا بھاڑے پر رہنے کی صورت میں کرایہ کارپوریشن ادا کرے ۔

ملک مومن کارپوریٹر نے حادثے کی خبر ملتے ہی اپات کالین سریع الحرکت شعبہ کو فون کر کے راحت رسانی ٹیم کو طلب کیا اور ملبہ میں پھنسے افراد اور سامان کو مقامی افراد نے ٹیم کی مدد سے باہر نکالا راحت رسانی میں مصروف ایک شخص نے بتایاکہ مہانگرپالیكا کی جو ٹیم ایمرجنسی کہی جاتی ہے ان کے پاس ہتھوڑی چھینی جیسی ابتدائی چیزیں بھی نہیں تھیں تو ملک مومن نے کوٹر گیٹ مسجد کے سامنے واقع دوکانوں سے یہ چیزیں منگوائیں اور ٹیم کو دیا جس کی مدد سے کام تیز اور آسان ہوا ۔مکان نمبر 220 جو آج منہدم ہوا اس کے مالک ممبئ میں کہیں رہتے ہیں اور پوری عمارت میں لوگ کرایے پر برسوں سے رہتے آئے ہیں ۔ملک مومن نے مہانگرپالیكا سے تحریری مطالبہ کیا ہے کہ قلم 44 کے تحت اس معاملے کو مہا سبھا میں لیا جائے راحت رسانی عملہ میں شامل ملک مومن کے پیر میں چوٹ آئی ہے ۔