بھیونڈی: سڑک پر گڑھوں کی وجہ سے حادثہ: بلال گجراتی کا ہاتھ فریکچر

بھیونڈی ( شارف انصاری ):- بھیونڈی شہر کی معروف سماجی شخصیت بلال گجراتی کا سڑک کھڈے میں گرنے سے ہاتھ فریکچر ہوگیا ۔یہ حادثہ گزشتہ روز بھیونڈی شہر کے کھنڈو پاڑہ علاقہ کے سامنے واقع شکیل دواخانہ کے پاس سے عالیہ کمپلیکس کی طرف جانے والے روڈ پر ہوا جہاں برسوں سے ٹوٹی گٹر کے کنارے سے ایک بڑی پائپ لائن گزر رہی ہے ۔بلال گجراتی نے بتایاکہ جب وہ عالیہ کمپلیکس کی طرف سے واپس ہورہے تھے تو ایک اینووا کار شکیل دواخانہ کے پاس سے عالیہ کمپلیکس کی طرف مڑی اور سائڈ سے میں اسکوٹر لے کر نکلتے ہوئے اسی کھڈے میں پھنس کر گر گیا اسکوٹر دوسری جانب گری اور میں کارخانے کی دیوار کی طرف اور وہیں پڑے پتھروں پر گرنے سے ہاتھ کی کہنیوں سے اوپر کی ہڈی ٹوٹ گئی ۔بلال گجراتی چونکہ طلباء کی اعلی تعلیم کے لئے بچوں کی رہنمائی اور اخراجات کا انتظام اور تنظیموں سے اسکالر شپ وغیرہ دلانے کا کام برسوں سے بخوبی کرتے آرہے ہیں اس لئے ہر علاقےمیں ان کے جاننے والے موجود ہیں فورا چند نوجوانوں نے بلال بھائی کے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور انھیں یاسین قاضی اسپتال میں علاج کے لئے داخل کیا گیا جہاں ابتداء ڈاکٹر یاسین قاضی اور پھر ہڈیوں کے مشہور ڈاکٹر ڈاکٹر شکیل قاضی نے علاج شروع کیا ۔

انھوں نے گزشتہ روز بلال گجراتی کے بائیں ہاتھ کا آپریشن کیا اور چونکہ ہڈی ٹوٹ گئی تھی اس لئے پلیٹ ڈالی گئی اور ابھی وہ یاسین قاضی اسپتال میں ایڈ مٹ ہیں ۔واضح رہے کہ بھیونڈی شہر میں یہی ایک واقعہ نہیں بلکہ ٹوٹی گٹروں اور سڑک میں پڑے بڑے بڑے کھڈوں میں آئے دن حادثات ہورہے ہیں اسکولی بچے بڑے بزرگ ان کھڈوں کے خاص شکار ہیں ۔بلال گجراتی کے قریبی دوست متعدد شعری مجموعہ کے خالق شبیراحمد شاد کہتے ہیں کہ بھیونڈی شہر میں کوئی سڑک ایسی نہیں ملے گی جس پر موٹرسائیکل ۔رکشہ اور دیگر گاڑیوں سے کوئی حادثہ نا ہوا ہو سڑکوں کے کھڈوں سے تکلیف کمر درد گاڑیوں کا نقصان تو ہوہی رہا ہے ان سب سے بڑھ کر افسوسناک بات یہ ہے کہ کتنی ہی جانیں ان کھڈوں نے لے لی ہیں اور ابھی مزید ناجانے کب تک اور کتنے لوگوں کی جانیں لینے کے بعد ذمہ داران کی آنکھیں کھلیں گی ۔انھوں نے میونسپل کمشنر اور مئر سمیت دیگر ذمہ داروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی سڑکیں آر سی سی یا ڈامری کرن جب بنیں گی تب مگر تب تک اہم شاہراہوں کے جان لیوا کھڈوں کو پر کردیا جائے تاکہ حادثات میں کمی آئے اور لوگوں کی جان اور ہاتھ پیر سلامت رہیں ۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading