بھیونڈی ( شارف انصاری ):- سرزمین ایولہ پر پہلی بار دی ایولہ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر سوسائیٹی بھیونڈی کے زیر اہتمام سوسایئٹی کاافتتاحی جلسہ اور محفل افسانہ کا انعقاد ۲ مارچ ۲۰۱۹ ء شب ۹ بجے مومن پورہ ایولہ کے عمراو بی صغیر احمد ہال میں منعقد کیا گیا۔افتتاحی جلسے کی صدارت سوسائٹی کے صدر محمد جابر انصاری نے کی اور یاسین عبدالعزیر۔محمد صدیق محمد قاسم، ایم مبین نے سوسائیٹی کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالی۔ محفل افسانہ کی صدارت جلگاوں سے تشریف لاے معروف ادیب معین الدین عثمانی نے کی۔ اورنگ آباد سے تشریف لاے معروف ادیب فسانہ نگار نورالحسنین نے محفل افسانہ کا افتتاح کرتے ہوے افسانہ اور اردو افسانہ پر روشنی ڈالتے ہوے کہاکہ ’’ افسانہ زندگی کی حقیقتوں کی خوبصورت عکاسی کا نام ہے۔‘‘ محفل افسانہ میں بھیونڈی سے تشریف لاے افسانہ نگار ادیب ایم مبین نے اپنا افسانہ ’’ بلی‘‘ پیش کیا جوپولیس کے موجودہ نظام کی عکاسی کرتا تھا۔
نورالحسنین نے اپنا افسانہ پیش کیا،جو موجودہ نظام میں لوٹ مار کرنے والوں کی نئی تصویر پیش کرتا تھا۔ آخر میں صدر معین الدین عثمانی نے اپنا افسانہ ’’ سراب‘‘ پیش کرتے ہوے سوسائیٹی کے قیام اور اس کے اغراض و مقاصد کو سراہتے ہوے محفل افسانہ جیسی ادبی محفل کے انعقاد پر کہا کہ علمی ادبی محفلوں کا انعقاد زندہ قوموں کی نشانی ہے ۔ ‘ محفل میں مالیگاوں سے تشریف لاے ڈاکٹر نخشب مسعود کے علاوہ ایولہ شہر کے اہل ذوق افراد نے شرکت کی۔ صدیق قاسم کے شکریہ کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔