بنگلورو:ملک کے آئی ٹی شہر بنگلورو میں کورونا کی وبا پر قابو پانے کیلئے ایک بار پھر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے 14 جولائی بروز منگل رات 8 بجے سے 22 جولائی صبح 5 بجے تک مکمل طور پر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ لاک ڈاؤن بنگلورو کے شہری اور دیہی علاقوں میں نافذ ہوگا ۔ تاہم اس لاک ڈاؤن کے درمیان اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلی رہیں گی ، میڈیکل سروس اور دیگر ضروری خدمات بحال رہیں گی ۔ گزشتہ چند دنوں سے ریاست کرناٹک میں کورونا کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے ۔ سب سے زیادہ کیس اور اموات ریاست کے دارالحکومت بنگلورو میں رونما ہوئے ہیں ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے حکومت نے بنگلورو کے شہری اور دیہی حدود میں ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت کے اس فیصلہ کا جے ڈی ایس کے لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی نے خیر مقدم کیا ہے ۔ بنگلورو میں گزشتہ گیارہ دنوں میں کورونا سے 141 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ ان گیارہ دنوں میں 12309 افراد اس مرض سے متاثر ہوئے ہیں ۔ اب تک بنگلورو میں 16862 لوگ کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ 11 جولائی کی شام کو جاری ہوئے ہیلتھ بلیٹن کے مطابق کرناٹک میں کورونا سے ایک دن میں 70 اموات ہوئی ہیں اور ان میں سب سے زیادہ بنگلورو میں 23 افراد کی کورونا سے موت ہوئی ہے۔