کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج ایک بار واضح کیا ہے کہ بنگال میں این آرسی کو نافذ ہونے نہیں دیا جائے گا۔
وزیرا علیٰ نے کہا کہ این آر سی سیاسی ہتھکنڈے کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ یہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت اس کی آڑ میں سیاسی مخالفین کو پریشان کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
رول 185کے تحت این آر سی پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ہم کبھی بھی بنگال میں این آر سی نافذ ہونے نہیں دیں گے۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ یہ صرف معاشی بحران سے توجہ ہٹانے کی کوشش کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک معاشی بحران سے دوچار ہے، کمپنیاں بند ہورہی ہیں، لاکھوں نوجوان بے روزگار ہورہے ہیں مگر حکومت حقیقی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے غیر ضروری مسائل میں الجھانے کی کوشش کررہی ہے۔
وزیرا علیٰ نے کہا کہ چندریان۔2سائنس دانوں کا کمال ہے۔مگر حکومت اس کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے سائنس دانوں نے اس سے قبل بھی بڑے بڑے کارنامے انجام دیے ہیں مگر کوئی بھی حکومت نے اس کا سہرا اپنے سر نہیں باندھا ہے۔
خیال رہے کہ کانگریس اور بایاں محاذ نے این آر سی پر بحث کرانے کی تجویز پیش کی تھی جس کی ترنمول کانگریس نے بھی حمایت کی تھی۔ 31 اگست کو این آر سی کی آخری فہرست شایع ہوئی جس میں 19لاکھ افراد کے نام شامل نہیں ہیں۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
