بجٹ LIVE: شیئر بازار میں کہرام، سنسیکس 500 پوائنٹ نیچے


تعلیمی شعبہ کے لیے 99300 کروڑ روپے الاٹمنٹ کا اعلان

نرملا سیتارمن نے نئی تعلیمی پالیسی جلد منظر عام پر لانے کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ کہا ہے کہ تعلیمی شعبہ کے لیے 99 ہزار 300 کروڑ روپے الاٹ کیے جائیں گے۔ مرکزی وزیر مالیات نے تعلیمی شعبہ میں ایف ڈی آئی لانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

سیتارمن نے کی ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ کی تعریف، اپوزیشن کا اعتراض، لوک سبھا میں ہنگامہ

بجٹ تقریر کے دوران نرملا سیتارمن نے ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ منصوبہ کی تعریف کی اور کہا کہ اس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان کے ذریعہ دیے گئے اس بیان سے لوک سبھا میں موجود اپوزیشن پارٹی اراکین ناراض ہوئے اور ہنگامہ کرنے لگے۔ مرکزی وزیر مالیات نے اپنی بات لوک سبھا مین رکھتے ہوئے کہا کہ ’’تعلیمی معاملہ میں ہر سطح پر لڑکیوں کا تناسب بہتر ہوا ہے اور ان کی تعداد اب لڑکوں سے زیادہ ہو چکی ہے۔‘‘


صنعتوں کے ڈیولپمنٹ کے لیے 27300 کروڑ روپے بجٹ کی تجویز

مرکزی وزیر مالیات نے صنعتوں کی ترقی کے لیے 27 ہزار 300 کروڑ روپے بجٹ فراہم کرنے کی تجویز کا تذکرہ اپنی بجٹ تقریر کے دوران کیا۔ انھوں نے کہا کہ انڈسٹری کے ڈیولپمنٹ کے لیے سال 21-2020 کے دوران وہ 27 ہزار 300 کروڑ روپے خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔


دودھ، مچھلی اور گوشت بزنس کے لیے چلے گی ’کسان ریل‘

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے ’کسان ریل‘ چلانے کا وعدہ کرتے ہوئے بتایا کہ کسان ریل دودھ، مچھلی اور گوشت کی تجارت کے مدنظر چلائی جائے گی جس کی وجہ سے کسانوں کو بہت آسانیاں میسر ہوں گی۔ ماہی پروری کے لیے ’ساگر متر‘ منصوبہ چلانے کا بھی نرملا سیتارمن نے وعدہ کیا۔ اپنی تقریر کے دوران مرکزی وزیر مالیات نے کہا کہ ’’ہماری حکومت 2022 تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کا ہدف رکھتی ہے۔‘‘


جی ایس ٹی سے تجارت کو فائدہ پہنچا: سیتارمن

وزیر مالیات نرملا سیتارمن کا کہنا ہے کہ یہ جی ایس ٹی کا ہی نتیجہ ہے کہ ٹرانسپورٹیشن اور رسد سیکٹر میں مضبوطی حاصل ہوئی ہے۔ انسپکٹر راج ختم ہو گیا ہے۔ اس نے انتہائی چھوٹے، چھوٹے اور درمیانے صنعت (ایم ایس ایم ای) کو فائدہ پہنچایا ہے۔ جی ایس ٹی سے صارفین کو ایک لاکھ کروڑ روپے کا سالانہ فائدہ ملا ہے۔

اس بجٹ میں سب کے لیے ہے کچھ خاص: مرکزی وزیر مالیات

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے بجٹ 2020 پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بجٹ عام لوگوں کا بجٹ ہے اور اس بجٹ میں سب کے لیے کچھ نہ کچھ خاص موجود ہے۔ بجٹ پیش کرنے سے پہلے تقریر کرتے ہوئے نرملا سیتارمن نے کہا کہ اس سال اپریل ماہ میں جی ایس ٹی کا آسان ورژن سامنے آئے گا جس سے لوگوں کی پریشانیاں کم ہو جائیں گی۔

مرکزی کابینہ نے بجٹ پر لگائی مہر، اب لوک سبھا میں ہوگا پیش

مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں بجٹ 2020 کو منظوری مل گئی ہے۔ اب تھوڑی ہی دیر میں مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن اس بجٹ کو لوک سبھا میں پیش کریں گی۔ غریب اور متوسط طبقہ کی نظریں اس بجٹ پر مرکوز ہیں اور انھیں امید ہے کہ نرملا سیتارمن انھیں کوئی نہ کوئی سوغات ضرور دیں گی۔


پی ایم مودی پہنچے پارلیمنٹ، تھوڑی دیر میں شروع ہوگی کابینہ میٹنگ

پی ایم مودی پارلیمنٹ پہنچ گئے ہیں، تھوڑی دیر میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ شروع ہوگی، کابینہ میٹنگ میں بجٹ کو دی جائے گی منظوری، کابینہ کی منظوری ملنے کے بعد وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن صبح 11 بجے ملک کا بجٹ پیش کریں گی۔


پارلیمنٹ میں لائی گئیں بجٹ کی کاپیاں

بجٹ پیش کرنے سے پہلے پارلیمنٹ میں بجٹ کی کاپیاں لائی گئی ہیں، 11 بجے لوک سبھا میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن ملک کا بجٹ پیش کریں گی۔


صدر جمہوریہ سے منظوری ملنے کے بعد نرملا سیتارمن پارلیمنٹ پہنچیں

بجٹ پیش کرنے سے متعلق صدر جمہوریہ کے ذریعہ منظوری ملنے کے بعد مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن پارلیمنٹ پہنچ گئی ہیں۔ وہ یہاں پہلے کابینہ میٹنگ میں شریک ہوں گی اور اس کے بعد پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کریں گی۔


لال ’بہی کھاتہ‘ لے کر وزارت مالیات سے نکلیں نرملا سیتارمن

وزارت مالیات نرملا سیتارمن مرکزی بجٹ 21-2020 پیش کرنے سے پہلے ’بہی کھاتہ‘ کے ساتھ وزارت مالیات سے باہر نکلی ہیں۔ اب وزیر مالیات راشٹرپتی بھون جائیں گی اور اس کے بعد پارلیمنٹ پہنچیں گی۔


نرملا سیتارمن آج 11 بجے پیش کریں گی بجٹ، ہر طبقہ لگائے بیٹھا ہے امید!

مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتا رمن آج لوک سبھا میں 11 بجے 21-2020 کا عام بجٹ پیش کریں گی۔ بطور وزیر مالیات نرملا سیتارمن دوسرا عام بجٹ پیش کرنے جا رہی ہیں۔ بجٹ پر سبھی طبقہ کی نگاہیں مرکوز ہیں۔ بجٹ سے آٹو، رئیل اسٹیٹ سمیت دیگر سیکٹر کو کافی امیدیں ہیں۔ وہیں متوسط طبقہ ٹیکس کٹوتی کی امید میں بیٹھا ہے۔ ملک کے کسان، نوجوان اور خاتون طبقہ کو بھی اس بجٹ سے کافی امیدیں ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ بجٹ ایسے وقت میں پیش ہونے جا رہا ہے جب ملک کی معیشت خستہ ہے۔ اس مالی سال میں معاشی شرح ترقی 5 فیصد رہنے کا اندازہ ہے۔ یہ شرح ترقی 11 سال میں سب سے کم تر ہوگی۔


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading