بھیونڈی ( شارف انصاری ):- انڈیا ان بونڈ ہفتہ روزہ اخبار اور ماہانہ میگزین کے مدیر نتيانند پانڈے کے قتل معاملے کو بے نقاب کرتے ہوئے پولیس نے قتل کی ملزمہ ایڈیٹر کی گرل فرینڈ انکتا مشرا 24 اور اس کے ساتھی ستیش مشرا کو گرفتار کر عدالت میں پیش کیا تھا جہاں عدالت نے دونوں ملزمین کو 27 مارچ تک پولیس حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے ۔

پولیس سے موصولہ معلومات کے مطابق انڈیا ان بونڈ اخبار و میگزین کے ایڈیٹر نیتانند پانڈے کا میرا روڈ کے علاقے میں دفتر واقع ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس دفتر میں انکیتا مشرا نامی لڑکی دو سال سے اسسٹنٹ کے طور پر کام کر رہی تھی ۔ذرائع کے مطابق اسی درمیان مقتول نتيانند پانڈے اور انکیتا مشرا کے درمیان معاشقہ بڑھنے لگا ۔ انکیتا مشرا کی طرف متوجہ ہونے کے بعد مقتول نتيانند اس سے جسمانی خوشی کا روز مطالبہ کرنے لگا ۔ جسسے پریشان ہوکر انکیتا مشرا نے اپنے شناسائی دوست ستیش مشرا سے یہ روداد بتائی اور ان دونوں نے مل کر پھر ایڈیٹر نتیانند پانڈے کو قتل کرنے کے لئے سازش رچی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پہلے سے منصوبہ بندی کے مطابق 15 مارچ کو دونوں نے مقتول نتيانند پانڈے کو میرا روڈ آفس بلایا اور اتتن میں رو ہاؤس دکھانے کے لئے بذریعہ گاڑی پہاڑی کے پاس لے گئے اور کولڈڈرنک میں بیہوشی کی دوا ملا نتيانند کو پلادیا ۔ ٹھنڈا پینے کے بعد نتیانند پانڈے بیہوش ہوگئے ۔ اسی درمیان انکیتا اور ستیش مشرا دونوں نے مل کر نتیا نند پانڈے کی گردن میں رشی باندھ کر گلا دبا کر جان سے مار ڈالا ۔

قتل کرنے کے بعد ثبوت مٹانے اور لاش کو غائب کرنے کے مقصد سے دونوں نے لاش کو گاڑی میں بھر کر اتوار کی رات بھیونڈی تعلقہ پولیس اسٹیشن کے تحت كھارڈی گاؤں کے قریب سنسان مقام دیکھ کر سڑک سے لگے نالے میں نتيانند کی لاش کو پھینک دیا تھا ۔ بھیونڈی تعلقہ پولیس کو نامعلوم لاش ملنے کی اطلاع ملنے پر بھیونڈی تعلقہ پولیس نے لاش کو برآمد کرتے ہوئے اس کا پنچنامہ کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا تھا ۔
اس کے بعد پولیس نے قتل کے ملزمین کو پکڑنے کے لئے ٹیم تشکیل دی ۔ اس ٹیم نے بڑی تیاری کے ساتھ مقتول نتيانند کے دفتر میں کام کرنے والی اسسٹنٹ انکیتا مشرا کو حراست میں لے کر سختی سے پوچھ تاچھ کی تب ایڈیٹر نتياند پانڈے کے قتل کا راز سامنے آیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق انکیتا مشرا کا اس قتل معاملے میں اقبال جرم قبول کرنے کے بعد اس قتل میں اس کی مدد کرنے والے ساتھی ستیش مشرا کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے بعد پولیس نے آج پیر کے روز دونوں ملزمین کو عدالت کے روبرو پیش کیا جہاں عدالت نے دونوں ملزمین کو 27 مارچ تک پولیس حراست میں رکھنے کا حکم صادر کیا ہے