این آر سی نے ایک بہت بڑا تنازعہ پیدا کر دیا ،حکومت نے یکطرفہ رائے بنائی ،اور لوگوں میں بڑے پیمانے پر اضطراب پیدا کر دیا اور لوگوں کو سڑکوں پر نکل آنے پر مجبور کر دیا لیکن اب حکومت اب بیک فٹ پر ہے۔ تاہم ، اس نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے – اسے یہ بل سرکاری طور پر واپس لینا ہے یا اسے طویل مدتی ٹھنڈے بستے میں ڈالنا ہے۔
یہ انا کا مسئلہ نہیں ہے اور نہ ہی حکومت کو اسے انا کا مسئلہ بنانا چاہئے۔ ہاں ، اگر این آر سی کو تھیوری کے حساب سے دیکھیں تو یہ کوئی برا آئیڈیا نہیں ہے۔ تاہم ، یہ عمل درآمد میں ناکام ہوجائے گا اور ہندوستان کی حقیقت کو دیکھتے ہوئے اس سے ایسے فوائد حاصل ہوں گے جو سوالات کے گھیرے میں ہونگے۔ اگر آج کے ہندوستان میں اس کو عملی جامہ پہنایا جائے تو نتائج بے مقصد سے لے کر تباہ کن تک ہوسکتے ہیں۔ صحیح معنوں میں، یہ ایک مہنگا لیکن بے معنی اور ایسی پریکٹس کے مانند ہوگا جس سے ملک میں افراتفری مچ جائے۔ بدترین صورت میں، یہ خانہ جنگی کا سبب بن سکتی ہے۔
ابھی یہ کہا جا سکتا ہے کہ جب ابھی این آر سی کی تفصیلات دستیاب نہیں ہے ، خصوصا کسی کی شہریت ثابت کرنے کے معیار اور طریقہ کار کے بارے میں، تب تک کوئی اس پر تبصرہ کیسے کرسکتا ہے؟ یہی اصل مسئلہ ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ شہریت دینے کا معیار اور اہلیت کیا ہے ، اس وقت این آر سی کام نہیں کرے گی۔

اگر معیار اور اہلیت بہت آسان ہوگی، تو یہ تقریبا ہر کسی کو این آر سی کے ذریعے شہری بنادے گا۔ اگر تین گواہ یا کوئی شناختی کارڈموجود ہے ، تو ہندوستانی سرزمین پر موجود ہر شخص شہریت میں داخل ہوجائےگا۔ لیکن تب بھی ملک میں لمبی لمبی قطاریں ، کاغذی کارروائی کے پہاڑ ، ہراساں کرنے والی غلطیاں اور عام طور پر چلنے والی ہندوستانی بیوروکریٹک بے قاعدگیاں ہوں گی۔ یہ بنیادی طور پر آدھار کو دہرانے کی ایک اور مشق ہوگی۔ اور چونکہ ہر کوئی اسے بنا لے گا ، اس لئےاس کا آخر میں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ شہریوں کے غلط ڈیٹا والے پھو لے ہوئے رجسٹر حاصل کرنے کے لئے ہم موٹی رقم ، بہت سارا وقت اور productivity ضائع کر دینگے۔
دوسرا منظرنامہ ،جب این آر سی کے معیارات بہت سخت کردیئے جائیں گے ، یہ ایک بہت بڑا خواب ہوگا۔ اس وقت یہ ہوگا کہ آپ کو شہریت ثابت کرنے کےلئے اہم تاریخی کاغذات کی ضرورت ہوگی۔ کئی سال پہلے کے برتھ سرٹیفکیٹس نکالنے ہونگے۔ لوگ جہاں پیدا ہوئے تھے ہو سکتا ہے وہ اسپتال بند ہوچکے ہوں۔ برتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے گاؤں کا افسر شائد مر چکا ہو۔ اور جن کی پیدائش گھروں میں ہوئی ہے انہیں تو پتہ ہی نہیں ہوگا کہ انہیں کرنا کیا ہے۔ تمام موجودہ IDs غلط ثابت ہوں گی۔ اس منظر نامے میں ، تمام ہندوستانی غیر شہری ہوں گے جب تک کہ ثابت نہ ہو۔
امیر اور متمول بالآخر اپنے کاغذات بنوا لیں گے۔ غریب ٹوٹ کر بکھر جاۓ گا ، خوار ہوگا اور گڑگڑاۓ گا۔ سرکاری بابو اپنے بڑھے ہوئے پاور سے لطف اندوز ہوگا۔ اوہ ، اور اب اس کے لیے بھی ایک ریٹ طے کیا جائےگا اور این آر سی کے معیارات جتنے سخت ہوں گے ، ریٹ اتنا ہی زیادہ ہوگا۔
اور پھر جعلی دستاویز کا مسئلہ پیدا ہوگا۔ کیا پرانے برتھ سرٹیفکیٹ کو فوٹوشاپ کرنا مشکل ہے؟ اگر آپ رشوت کے پیسے ادا نہیں کرتے ہیں تو کیا یہ بابو کے لئے مشکل کام ہوگا کہ آپ کے اصلی سرٹیفکیٹ کو مسترد کر دے؟ ( اب اگلے 20 سالوں تک عدالت میں اپنے سرٹیفکیٹ کی صداقت ثابت کرنے کے لئے میں آپ کو Good Luck کہتا ہوں )۔
یہ ساری چیزیں ٹھیک نہیں ہیں کہ انہیں دیوار کی سمت دھکیل دیا جائے ، لوگ احتجاج کر سکتے ہیں اور اس کے بعد کچھ احتجاج فسادات بن جائیں گے۔ ان سب کے آخر میں آپ کو ایک رجسٹر حاصل ہوسکتا ہے۔ تاہم ، یہ اعداد و شمار اسی طرح آلودہ ہوں گے جس طرح ملک کا امن۔
لہذا ، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ این آر سی کے معیارات کیا ہونگے بھارت جیسے ملک میں این آر سی اپنی تمام تر حقیقتوں کے ساتھ اس وقت ناقابل عمل ہے۔ شائد ہمارے پاس 2020 کے بعد ہندوستان میں پیدا ہونے والے تمام بچوں کی معلومات حاصل ہوسکیں۔جس کے نتیجے میں ہمیں چند دہائیوں میں ، ایک بہت اچھا رجسٹر حاصل ہوسکتا ہے۔ لیکن ابھی اس کی شروعات نہیں ہو سکتی۔
لیکن ہم ویسے بھی، ایساکر کیوں رہے ہیں ؟ ٹھیک ہے ، یہ سب اس مفروضے کے تحت کیا گیا ہے کہ ہندوستانی آبادی کی کچھ فیصدی دراندازیوں پر مشتمل ہے ، جو قومی وسائل کو چوس رہے ہیں۔
سب سے پہلی بات ، یہ گمان درست نہیں ، کیوں کہ درانداز (دوسرے ممالک سے آکر یہاں بسنے والے لوگ) بھی جی ڈی پی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔
بہرحال ،اگر ہم تارکین وطن کی جی ڈی پی میں حصّے داری کو ایک طرف بھی رکھ دیں ۔ اور ہم یہ کہہ دیں کہ ہم ایک اچھا این آر سی کریں گے۔ فرض کر لیں کہ سب جگہ تبدیلی آ گئی ، اب تمام ہندوستانی دیانت دار ہو گئے ، ہر ہندوستانی کے پاس صاف فائلوں میں دستاویزات ترتیب کے ساتھ رکھے ہوئے ہیں اور تمام بیوروکریٹس مسکراہٹ اور صفر کی زیادتی کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ ہم کہتے ہیں کہ ہمیں ایک صاف اور ستھرا این آر سی مل گیا ، اور 5 فی صد لوگوں کو اس عمل کے بعد غیر شہری مان لیا جاتا ہے جن کی تعداد 6 کروڑ سے زیادہ ہے ، یعنی برطانیہ کی آبادی! تو اب آپ ان کے ساتھ کیا کرینگے؟ ان سب کو آپ کس فلائٹ میں بیٹھائینگے؟
اب اس کے بارے میں سوچئے۔ آسان کیا ہے؟ درست طریقے سے ان 6 کروڑ لوگوں کی شناخت کرنا اور ان سب کو باہر بھیجنا؟ یا با آسانی ہماری معیشت کو تیزی سے بڑھانا اور ہمارے جی ڈی پی میں 5 فی صدی کا اضافہ کرنا؟ یہاں تک کہ اگر دوسرے ممالک سے آکر یہاں رہنے والے ہمیں چوس رہے ہیں تو ، 5 فیصد کے اس رساو کو بند کرنا زیادہ مشکل ہے یا مزید دولت پیدا کرنا۔ اگر آم کے کچھ اور درخت لگانا آسان ہے تو ، کیا آپ اپنا پورا سال گاؤں کےاُن بچوں کا پیچھا کرنے میں گزاردیں گے جنہوں نے آپ کے درخت سے ایک دو آم چوری کرلئے؟
این آر سی لوگوں کی حاضری لینے کے مترادف ہے۔ لیکن آپ ہندوستان جیسے ملک میں ایک مصروف ٹرین پلیٹ فارم پر حاضری نہیں لے سکتے۔ اس سے صرف افراتفری مچیگی ، غلطیاں ہوں گی اور جھڑپیں شروع ہو جائیں گی اور لوگ اپنی ٹرینیں چھوڑ بیٹھیں گے اور ان سب سے بدتر یہ ہوگا جب کچھ لوگ پٹریوں پر مرنا شروع ہو جائیں گے۔
تاہم عمل در آمد ہی صرف ایک وجہ نہیں ہے کہ ابھی کے لئے این آر سی کو ملتوی کیا جائے۔ اقلیتوں کے معاملات کی بات کی جائے تو بی جے پی پر اعتماد کا عنصر غیر معمولی حد تک کم ہے۔ موجودہ قیادت ایک آمرانہ ، خوف و دہشت پھیلا کر چلنے والی شبیہ ہے۔ صحیح ہے یا نہیں ، کیا ماضی میں منموہن سنگھ اور اب امت شاہ کے ذریعے پوچھی گئی تفصیلات میں کوئی فرق نہیں؟
اس کے علاوہ ، این آر سی کا وقت درست نہیں ہے۔ آرٹیکل 370 کو کالعدم قرار دینے اور ایودھیا فیصلے کو ہندوستان کے بعض حصوں میں ہندو فتوحات کے طور پر دیکھا گیا۔ اسی طرح اب این آر سی کو بھی ہندو نواز کی حیثیت سے دیکھا جا رہا ہے (ایسا نہیں ہے ، کیونکہ این آر سی سیکولر ہے۔ یہ سب کو ہراساں کرنے کا سبب بنے گا)۔ لہذا ، اس طرح کی چیزوں کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھانا صرف ایک کمیونٹی کو دیوار کے ساتھ کھڑا کردے گا ، حزب اختلاف کو بی جے پی کی مقبولیت کم کرنے کا موقع فراہم کرے گا اور جس طرح کے مظاہرے حال میں ہم نے دیکھے۔ اس کا وقت بھی درست نہیں ہے کیونکہ معیشت پر ابھی بہت زیادہ کام کی ضرورت ہے۔ بھارت ابھی بدامنی برداشت نہیں کرسکتا۔
ہمارے پاس کام کرنے کے لئے ایک معیشت ہے ، جو کافی دلچسپ ہے اور اسے اولین ترجیح کی ضرورت ہے۔ این آر سی کو باضابطہ طور پر اور حکومتی سطح پر، ابھی کے لئے ضرورت ہے کہ اس پر عمل درآمد نہ کیا جائے۔

چیتن بھگت انگریزی ناولوں کے معروف اور مقبول مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ کالم نگار بھی ہیں آپ ملک اور پوری دنیا کی معیشت پر گہری نگاہ رکھتے ہیں آپ نے آئی آئی ٹی دہلی سے انجینئرنگ کی تعلیم کے بعد آئی آئی ایم احمد آباد سے ایم بی اے کی تعلیم مکمل کی۔
ٹائمز آف انڈیا