ایس ٹی ملازمین، مسافروں کی خدمت کو عبادت سمجھ کر انجام دیں
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا مشورہ، ایس ٹی کو "فائیو اسٹار" سروس بنانے کا عزم
تھانے (آفتاب شیخ)
ایس ٹی ملازمین کو چاہیے کہ وہ مسافروں کی خدمت کو عبادت سمجھ کر اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ حکومت نہ صرف ایس ٹی کے احیاء کے لیے پُرعزم ہے بلکہ ملازمین کی فلاح و بہبود کا بھی مکمل خیال رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کھوپٹ بس اسٹینڈ پر تزئین و آرائش شدہ ڈرائیور کنڈکٹر ریسٹ ہاؤس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کی صدارت ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے کی، جب کہ وزیر صحت پرکاش ابیٹکر، وزیر مملکت برائے خزانہ و منصوبہ بندی آشیش جیسوال، ایس ٹی کارپوریشن کے نائب صدر و منیجنگ ڈائریکٹر وویک بھیمن راؤ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس موقع پر کہا کہ حکومت ایس ٹی کا چہرہ بدلنے اور اسے "فائیو اسٹار" ٹرانسپورٹ سروس میں تبدیل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔ پرائیویٹ-پبلک پارٹنرشپ کے ذریعے ایس ٹی کارپوریشن کو جدید بس پورٹس کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے تاکہ مسافروں کو ہوائی اڈے جیسی خدمات میسر آ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (MIDC) کے ذریعے 500 کروڑ روپے کی لاگت سے 191 بس اسٹینڈوں کو جدید بنایا جا رہا ہے، اور حکومت کا مقصد "گڑھے سے پاک بس اسٹینڈز" کی تعمیر ہے۔ اسی طرح، ہر ڈپو میں ایئرکنڈیشن، صاف اور آرام دہ ریسٹ روم بنانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے تاکہ ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کو اپنی ڈیوٹی کے بعد ذہنی سکون حاصل ہوسکیں۔
ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرتاپ سارنائیک نے اعلان کیا کہ ایس ٹی ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی صحت کے لیے ریاست بھر میں 100 بستروں پر مشتمل کیش لیس اسپتال قائم کیے جائیں گے، جو پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائے جائیں گے۔ یہ منصوبہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی سالگرہ کے موقع پر شروع کیا جائے گا۔ ان اسپتالوں میں مہاتما پھولے جن آروگیہ یوجنا کے تحت ایس ٹی ملازمین کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے عام عوام کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
اس موقع پر بڑی تعداد میں ایس ٹی ملازمین اور مسافر موجود تھے، جنہوں نے حکومت کے ان اقدامات کا خیر مقدم کیا۔