اہم خَبر: شیو سینا حامیوں کے بینر میں آدتیہ ٹھاکرے کو بتایا گیا ’مستقبل کا وزیر اعلیٰ‘

مہاراشٹر: شیو سینا حامی آدتیہ ٹھاکرے کو بنانا چاہتے ہیں وزیر اعلیٰ، بینر لگا کر دی مبارکباد

شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدیتہ ٹھاکرے ورلی اسمبلی حلقہ سے کامیاب ہوئے ہیں اور اس حلقہ میں ایک پوسٹر بھی انھیں مبارکباد دیتے ہوئے لگایا گیا ہے۔ اس پوسٹر میں آدتیہ ٹھاکرے کو مستقبل کا وزیر اعلیٰ بتایا گیا ہے۔ بینر شیو سینا حامیوں نے لگایا ہے جس میں لکھا گیا ہے ’’دل کی گہرائیوں سے استقبال۔ شیو سینا یوتھ لیڈر معزز مستقبل کے وزیر اعلیٰ، شری آدتیہ ٹھاکرے۔‘‘ ساتھ میں لکھا گیا ہے ’’بذریعہ شری ہنومان سیوا منڈل، تریمورتی دھام مندر‘‘۔ اس سے ظاہر ہے کہ شیو سینا حامی انھیں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کی شکل میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ اب دیکھنے والی بات یہ بھی ہوگی کہ بی جے پی اس سلسلے میں کیا فیصلہ لیتی ہے۔


بی جے پی کی حمایت کر رہے آزاد امیدوار اپنا ’سیاسی قبر‘ کھود رہے ہیں: ڈی ایس ہڈا

ہریانہ میں کانگریس لیڈر ڈی ایس ہڈا نے ان آزاد امیدواروں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو ریاست میں حکومت سازی کے لیے بی جے پی کی حمایت کر رہے ہیں۔ انھوں نے اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’کھٹر حکومت کا حصہ بننے جا رہے آزاد رکن اسمبلی اپنی سیاسی قبر کھود رہے ہیں۔ وہ لوگوں کا بھروسہ فروخت کر رہے ہیں۔ ہریانہ کے لوگ ایسا کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ لوگ انھیں جوتے سے ماریں گے۔‘‘


50-50 فارمولہ پر کسی بھی سمجھوتہ سے شیوسینا سربراہ اُدھو ٹھاکرے کا انکار

مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے نتائج میں بی جے پی-شیو سینا اتحاد نے اکثریت حاصل کر لی ہے لیکن ریاست میں حکومت سازی کا راستہ آسان نظر نہیں آ رہا۔ ایک طرف بی جے پی نے دیویندر فڑنویس کو دوبارہ وزیر اعلیٰ بنانے کا تقریباً اعلان کر دیا ہے، اور دوسری طرف شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کچھ ایسے بیانات دیے ہیں جو سیاسی ہلچل پیدا کر رہے ہیں۔ دراصل کچھ میڈیا ذرائع کے مطابق شیو سینا چاہتی ہے کہ آدتیہ ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ بنایا جائے کیونکہ دونوں پارٹیوں کے درمیان 50-50 فارمولہ پر انتخابی اتحاد ہوا تھا۔ اب شیو سینا لیڈر اُدھو ٹھاکرے کہہ رہے ہیں کہ وہ 50-50 فارمولہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور پارٹی اس سلسلے میں جھکنے والی نہیں ہے۔

بنگلہ دیش: 18 سالہ نصرت کو مدرسہ میں زندہ جلانے والے 16 افراد کو سزائے موت

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے مدرسہ میں 18 سالہ نصرت جہاں رفیع کو زندہ جلا کر مار ڈالنے کے معاملے میں جمعرات کو 16 لوگوں کو سزائے موت دی۔ دراصل نصرت جہاں رفیع نے مدرسہ کے مولوی کے خلاف عصمت دری کی شکایت کی تھی۔ نصرت پر شکایت واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا اور نہیں لینے پر اس کو کیروسین ڈال کر زندہ جلا دیا گیا تھا۔ اس واقعہ کے خلاف ملک بھر میں غصہ دیکھنے کو ملا تھا اور مظاہرہ کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں فینی کی عدالت کے جج ممنور راشد نے جمعرات کو 16 لوگوں کے خلاف موت کی سزا سنائی۔ سزا پانے والوں میں اہم ملزم مولوی سراج بھی شامل ہے۔ اسی نے نصرت کے قتل کی سازش تیار کی تھی۔


بی جے پی ہریانہ میں اکثریت سے دور، اسے اپنی شکست کا اعتراف کرنا چاہیے: کمل ناتھ

ہریانہ میں بی جے پی کو 40 سیٹوں پر صبر کرنا پڑا اور وہ اکثریت سے 6 سیٹ دور ہے۔ بی جے پی کی اس پوزیشن کو دیکھتے ہوئے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہریانہ میں بی جے پی کو اکثریت نہیں ملی۔ بی جے پی لیڈروں کو اعتراف کرنا چاہیے کہ انھیں عوام نے مسترد کر دیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اب وہ صرف ’جگاڑ‘ کے ذریعہ اور دیگر پارٹیوں و آزاد امیدواروں کی مدد سے حکومت بنا سکیں گے، لیکن عوام یہ کبھی نہیں بھولے گی۔‘‘


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading