اہم خَبر: بی جے پی رہنما پرویش ورما نے پھر دیا متنازعہ بیان، کیجریوال کو بتایا نکسلی


بی جے پی رہنما پرویش ورما نے پھر دیا متنازعہ بیان، کیجریوال کو بتایا نکسلی

دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے رہنما پرویش ورما نے ایک بار پھر متنازعہ بیان دیا ہے، انہوں نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو نکسلی قرار دیا ہے، انہوں نے کہا، ’’اروند کیجریوال نٹورلال ہیں وہ باتوں کو گھوما پھرا کر لوگوں کو گمراہ کرتے ہیں، عوام جانتی ہے کہ انہوں نے کتنے لیڈروں پر الزام لگائے اور پھر معافی مانگی، وہ شاہین باغ کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں، جس طرح نکسلی کام کرتا ہے ویسے دہلی کا وزیر اعلی بھی کام کرتا ہے‘‘ـ

بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے بی جے پی جوائن کرنے کا کیا فیصلہ

بیڈمنٹن کی مشہور و معروف کھلاڑی سائنا نہوال نے بی جے پی کی رکنیت اختیار کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق جلد ہی وہ باضابطہ ایک تقریب کے دوران بی جے پی کی رکنیت اختیار کریں گی۔


خستہ حال معیشت کو لے کر راہل گاندھی نے مودی حکومت کو گھیرا

ملک کی خستہ حال معیشت کو لے کر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مودی حکومت کو گھیرا ہے، انہوں نے کہا مودی حکومت نے ملک کی معیشت کو بد سے بدتر حالت میں پہنچا دیا ہے، راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا، ’’مودی اور ان کے اقتصادی مشیروں کی ڈریم ٹیم نے ملک کی معیشت کو بد سے بدتر حالت میں پہنچا دیا ہے، پہلے ملک کی جی ڈی پی 7.5 فیصد پر تھی اور افراط زر 3.5 پر تھی، ابھی جی ڈی پی 3.5 فیصد پر ہے اور افراط زر 7.5 فیصد پر ہے، وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کے پاس کوئی بھی ائيڈيا نہیں ہے کہ 2020 کے بجٹ میں کیا کریں‘‘۔


نربھیا کیس: مجرم مکیش کی عرضی خارج، پھانسی کا راستہ آسان

نربھیا کیس میں قصوروار مکیش کی رحم کی عرضی کو سپریم کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے عرضی کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی دم نہیں ہے۔ عدالت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ قصوروار نے صدر جمہوریہ کے سامنے سبھی دستاویزات رکھے تھے جسے دھیان میں رکھ کر صدر جمہوریہ نے اپنا فیصلہ دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ کے ذریعہ عرضی خارج کیے جانے کے بعد پھانسی کا راستہ آسان ہو گیا ہے جو کہ یکم فروری کو طے ہے۔


سی اے اے-این آر سی کو لے کر کیرالہ اسمبلی میں ہنگامہ، گورنر عارف محمد خان کے خلاف نعرہ بازی

شہریت قانون اور این آر سی کو لے کر کیرالہ اسمبلی میں ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ گورنر عارف محمد خان کے خلاف یو ڈی ایف کے اراکین اسمبلی نے نعرہ بازی کی اور ان کا راستہ روکا۔ ہنگامہ کے بعد یو ڈی ایف کے اراکین اسمبلی نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔


مہاراشٹر: ناسک دردناک حادثہ میں مہلوکین کی تعداد ہوئی 25، 10 لاکھ معاوضہ کا اعلان

مہاراشٹر کے ناسک میں منگل کے روز ایک بس اور ٹیمپو کے درمیان ہوئی زبردست ٹکر میں اب تک مرنے والوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق حادثہ میں بس اور ٹیمپو دونوں کنوئیں میں گر گئی تھیں اور فوری طور پر راحت رسانی کا کام شروع کر دیا گیا۔ منگل کی دیر رات تک 20 ہلاکت کی خبریں سامنے آئی تھیں اور بتایا گیا تھا کہ تقریباً 30 مسافروں کا علاج اسپتال میں جاری ہے، لیکن تازہ خبروں کے مطابق مہلوکین کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ مہاراشٹر ٹرانسپورٹ کے وزیر انل پرب نے اس حادثہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے سبھی مہلوکین کے اہل خانہ کو دس-دس لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔


یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

Leave a comment