کینیا میں سیلاب سے 5 ہندوستانی سیاحوں کی موت
نائیواشا: کینیا میں نائیواشا شہر کے سیاحتی ریزارٹ میں سیلاب کے پانی کے ریلے میں سیاحوں کی وین بہنے سے پانچ ہندوستانی سیاحوں اور ایک کینیائی ٹورسٹ گائیڈ کی موت ہو گئی۔ رفٹ ویلی کے علاقائی پولس کمانڈر مارکس اوچولا نے ہیلز گیٹ نیشنل پارک میں ہونے والے اس واقعہ کی تصدیق کی ہے۔
مارکس اوچولا نے کہا ’’گائیڈ قرب و جوار کے موسم کا صحیح اندازہ نہیں لگا سکے۔ وہ اس بات کو جانتے تھے کہ سیلابی پانی اونچائی والے علاقوں سے نکلتا ہے لیکن وہ اس کا تجزیہ نہیں کر سکے۔ ہم وہاں موجود لوگوں کی تلاش کر رہے ہیں ہے‘‘۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے کے قریب ہوا۔
مارکس اوچولا نے کہا کہ راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے لیکن سیلاب کے پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے امدادی کام سست روی سے جاری ہے۔ سیاحت اور جنگلاتی حیاتیات کی وزارت نے کہا کہ سیلاب میں سیاحوں کے ڈوبنے کا اندیشہ ہے، جبکہ دیگر لوگوں کو بچا لیا گیا ہے۔
مالی میں عمارت کے گرنے سے 15 افراد ہلاک
بماکو: مالی کے دارالحکومت بماکو میں ایک زیر تعمیر عمارت کے گرنے سے کم از کم 15 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 26 دیگر کو بچا لیا گیا۔ حکومت اور مقامی میڈیا کے مطابق اتوار کی صبح دارالحکومت بماکو میں تین منزلہ عمارت تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی جس کے ملبے میں دبنے سے کم از کم 15 افراد کی موت ہو گئی تاہم 26 افراد کوبچا لیا گیا۔ اس دوران ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں نے تقریباً چار سال کی ایک بچی کو عمارت کے ملبے سے زندہ باہر نکالا۔
شہری دفاع کی وزارت نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم نے ایک خاتون کو بھی زندہ باہر نکالا ہے۔ وزارت نے عمارت کے مالک کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عمارت کی سب سے اوپری منزل کے گرنے کے بعد باقی فلور بھی منہدم ہوگئے۔ مالی میں اس طرح کے واقعات عام بات ہے کیونکہ یہاں بغیر اجازت کے اکثر اس طرح کی عمارتوں کی تعمیر کی جاتی ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
