لاہور: آج (18-11-2018) 9 ربیع الاول کی صبح 95 سال کی عمر میں مشہور داعی اسلام حاجی محمد عبد الوہاب صاحب انتقال فرماگئے۔
حاجی عبدالوہاب گزشتہ کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے اور وینٹی لیٹر پر تھے۔تبلیغی مرکز رائے ونڈ کے اعلامیہ کے مطابق حاجی عبدالواہاب کو ڈینگی بخار کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جب کہ انہیں سانس اور سینے کی تکلیف بھی تھی۔
مولانا عبدالوہاب کی نماز جنازہ اتوار کے روز بعد نماز مغرب رائیونڈ میں ادا کی جائے گی۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ وہ یکم جنوری 1923 کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ مولانا عبدالوہاب نے اسلامیہ کالج لاہور سے گریجویشن کیا تھا۔
وہ تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے۔ حاجی عبدالوہاب نے اپنی پوری زندگی تبلیغ دین متین اور دین کی اشاعت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

حاجی صاحب کرنال (ہریانہ) کے رہنے والے تھے۔ یہ خطہ اترپردیش کے مشہور ضلع سہارن پور کے قریب واقع ہے۔ پیدائش 1923 میں دہلی میں ہوئی تھی۔ موصوف قبیلہ راؤ راجپوت سے تعلق رکھتے تھے۔ آپ مشہور بزرگ شاہ عبدالقادر رائے پوری ؒ کے خلیفہ تھے۔ تقسیم سے قبل انہوں نے بطور تحصیل دار فرائض انجام دیے تھے۔