ابوظہبی :19نومبر ۔تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے انتہائی دلچسپ میچ میں نیوزی لینڈنے پاکستان کو چار رنوں سے شکست دیدی۔ اس میچ کے ہیرو نیوزی لینڈ کے اسپن گیند باز اعجاز پٹیل رہے ، جنہوں نے پاکستان کے منہ سے میچ چھین لیا۔ میچ کے بعد پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ اعجاز پٹیل نے کافی شاندار گیند بازی کی۔ایک ایسا وقت تھا جب میچ پوری طرح سے پاکستان کی گرفت میں تھا۔ تین وکٹوں کے نقصان پر اس نے 130 رن بنالئے تھے اور جیت کیلئے اس کو صرف 46 رنوں کی ضرورت تھی ، مگر 130 کے مجموعی اسکور پر اسد شفیق کے آوٹ ہوتے ہی میچ ایسا پلٹا کہ پھر پاکستان کیلئے ایک ایک رن بنانا بھی مشکل ہوگیا۔اس میچ میں نیوزی لینڈ کیلئے ڈیبیو کرنے والے 30 سالہ اعجاز پٹیل نے دھماکہ دار گیند بازی کی اور ایک ایک بعد ایک پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھادی۔ انہوں نے 23.4 اورس میں 59 رن دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور پاکستان کی منہ سے جیت کو چھین لیا۔ یاد رہے کہ اعجاز پٹیل نے پہلی اننگز میں بھی دو وکٹ جھٹکے تھے۔ اس طرح انہوں نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں سات وکٹ لئے۔خیال رہے کہ اعجاز پٹیل کا تعلق ہندوستان کے ممبئی سے ہے۔ ممبئی میں اعجاز پٹیل کی پیدائش 21 اکتوبر 1988 کو ہوئی تھی۔ اعجاز پٹیل آکلینڈ ،آکلینڈ اے ، سینٹرل ڈسٹرکٹس ، سینٹرل ڈسٹرکٹس اے اور نیوزی لینڈ اے کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔