اسمبلی عام انتخابات 2024: پولیس اور افسران کے لیے قانون و نظم و ضبط اور آئی ٹی ایپلیکیشنز کی تربیت مکمل
تھانے (آفتاب شیخ)
اسمبلی عام انتخابات 2024 کے پیش نظر تھانے ضلع میں پولیس افسران اور انتظامی اہلکاروں کے لیے قانون و نظم و ضبط اور آئی ٹی ایپلیکیشنز کی جامع تربیت کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع مجسٹریٹ اور ضلع انتخابی افسر اشوک شنگارے کی ہدایات پر یہ تربیت ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔
قانون و نظم و ضبط کے حوالے سے منعقدہ تربیتی سیشن میں پولیس کمشنر آشوتوش ڈمبڑے اور ڈپٹی کمشنر سنجے جادھو کی سربراہی میں نوڈل افسر دیپک شیرساگر نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق غیر جانبداری سے ذمہ داریاں نبھانے کی تلقین کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر انتخابات میں پولیس فورس کی اہم ذمہ داری ہوتی ہے اور اس بار بھی پولیس اہلکاروں کو مکمل احتیاط اور مستعدی سے ڈیوٹی انجام دینا ہوگی تاکہ پولنگ بوتھ پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سدباب کیا جا سکے۔
اس تربیتی سیشن میں ضلع کے تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ پولیس کمشنرز، سینئر پولیس افسران اور دیگر اہلکار شریک تھے۔ اس دوران افسران کو ضابطہ اخلاق کی پابندی اور انتخابی فرائض میں مکمل شفافیت کی تاکید کی گئی۔
اسی پس منظر میں FST/SST/VST/VVT اور کنٹرول روم کے افسران و اہلکاروں کو CVIGIL ایپ اور ESMS ایپ کی تربیت بھی دی گئی تاکہ انتخابی عمل کی نگرانی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ ضلع انفارمیشن اور سائنس افسر نریندر بھامرے نے ان ایپلیکیشنز کے حوالے سے تفصیلی رہنمائی فراہم کی، جبکہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سُکیشنی کامبڑے پگارے اور تحصیلدار سائیلی بھگت نے بھی حاضرین کو مفید ہدایات دیں۔
یہ تربیت اسمبلی انتخابات کے دوران قانون و نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے انتخابات کو شفاف اور منظم بنانے کی غرض سے منعقد کی گئی، تاکہ ووٹنگ کے عمل میں کسی قسم کی بے ضابطگی نہ ہو اور عوام کو صاف و شفاف انتخابات فراہم کیے جا سکیں۔