اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں سینٹری فیوج کی پیداوار اور اسلحے کی تیاری کے مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔بی بی سی اسرائیل کے اس دعوے کی تاحال الحال آزادانہ طور پر اس کی تصدیق نہیں کر سکا۔
سینٹری فیوج ایسی مشینیں ہوتی ہیں جو یورینیم کو افزودہ کرتی ہیں۔ افزودہ یورینیم کو بجلی گھر چلانے کے لیے ایندھن بنانے کے ساتھ ساتھ ایٹمی ہتھیار بنانے میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
عالمی جوہری نگران ادارے کے سربراہ نے جمعے کے روز بی بی سی کو بتایا کہ ایران کے زیرِ زمین یورینیم افزودگی کے پلانٹ نتانزمیں موجود سینٹری فیوجز اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اگر مکمل طور پر تباہ نہ بھی ہوئے ہوں تو بھی شدید نقصان کا شکار ہوئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کی ہنگامی میٹنگ اور ایران کی نیوکلیئر سائٹس پر حملے سے متعلق منقسم رائے

وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہنگامی میٹنگ ایک گھنٹہ اور 20 منٹ تک جاری رہی۔ بی بی سی کے پارٹنر سی بی ایس نیوز کے مطابق ہنگامی اجلاس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ آیا امریکہ کو اسرائیل کے ساتھ ایرانی نیوکلیئرسائٹس پر حملہ کرنا چاہیے کہ نہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کے قریبی مشیروں کے درمیان اس بات پر مکمل اتفاق نہیں ہے۔
کئی دنوں تک ایران کو مذاکرات میں واپس آنے کی ترغیب دینے کے بعد صدر ٹرمپ اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا امریکہ کو براہ راست ایران کے خلاف اسرائیل کی جنگ میں شامل ہونا چاہیے۔
امریکی قومی سلامتی کونسل کے کل ہونے والے اجلاس میں ٹرمپ اور ان کے مشیروں نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے امکان پر تبادلہ خیال کیا۔
ایک ممکنہ ہدف فورڈو میں یورینیم کی افزودگی کا مقام بھی ہو سکتا ہے جو زیر زمین موجود ہے اور اسے تباہ کرنے کی صلاحیت صرف امریکہ کے پاس ہے۔