اجیت دادا پوار کے ترقی یافتہ مہاراشٹر کے ویژن کو آگے بڑھانے والا بجٹ: سنیل تٹکرے
بجٹ میں مہاراشٹر کی ترقی کے لیے اجیت دادا کے ویژن اور سخت مالیاتی نظم و ضبط کی جھلک
ممبئی: راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے کہا ہے کہ مہایوتی حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا ریاستی بجٹ اجیت دادا پوار کے تصور کردہ ترقی یافتہ مہاراشٹر کی بنیاد کو مضبوط کرنے والا بجٹ ہے اور اس میں ان کے سخت مالیاتی نظم و ضبط اور ترقیاتی وژن کی واضح جھلک نظر آتی ہے۔
سنیل تٹکرے نے اس بجٹ کو اجیت دادا پوار کے نام منسوب کرنے پر مہایوتی حکومت اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ اجیت دادا پوار کی ترقی پسند سوچ اور دور اندیش قیادت کو آگے بڑھانے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی بجٹ میں ترقی اور معاشی نظم و ضبط کے حوالے سے ان کے نظریات کی جھلک نمایاں طور پر دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا قومی ہدف مقرر کیا ہے اور اسی طرز پر مہاراشٹر کا یہ بجٹ بھی ترقی یافتہ مہاراشٹر کی بنیاد رکھنے پر مرکوز ہے۔ ان کے مطابق بجٹ میں ریاست کی معاشی ترقی کے ساتھ ساتھ مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کی کوشش واضح طور پر نظر آتی ہے جو اجیت دادا پوار کی پالیسیوں کی عکاسی کرتی ہے۔
سنیل تٹکرے نے کہا کہ اس بجٹ میں کسانوں کے لیے قرض معافی، وزیر اعلیٰ لاڈکی بہن اسکیم، مختلف سماجی بہبود کی اسکیمیں، بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبے، صنعتوں کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی جیسے متعدد اہم اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق یہ تمام اقدامات ریاست کی ترقی کے لیے اجیت دادا پوار کے وسیع اور دور رس وژن کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راشٹروادی کانگریس پارٹی اس بجٹ کو ایک ایسے اہم دستاویز کے طور پر دیکھتی ہے جو مہاراشٹر کو ایک جدید اور ترقی یافتہ ریاست کے طور پر مضبوط بنانے میں مدد دے گا اور اسے عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بنائے گا۔ ان کے مطابق بجٹ میں سال 2047 تک ریاست کی معیشت کو پانچ ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کے عزم اور اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے جو مہاراشٹر کی ترقی کے لیے مثبت اشارہ ہے۔
تٹکرے نے کہا کہ اگرچہ اجیت دادا پوار اب ہمارے درمیان موجود نہیں ہیں، لیکن اس بجٹ میں ان کا وژن، مالیاتی نظم و ضبط اور ریاست کی طویل مدتی ترقی کے بارے میں ان کی سوچ واضح طور پر نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ان کی ترقیاتی فکر کو آگے بڑھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ بجٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے سنیل تٹکرے نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور مہایوتی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ بجٹ مہاراشٹر کی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرنے اور ریاست کو ترقی یافتہ بنانے کے ہدف کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
NCP Urdu News1. 6 March 26.docx