-
جمعیۃ علماء ہند کے اس عمل نے ملی اتحاد کی راہ ہموار کی ہے : پروفیسر اختر الواسع
-
جمعیۃ علماء ہند سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین اجمیری ؒ کے مسلکِ خدمتِ خلق کی علم بردار تنظیم ہے ۔
اجمیر شریف ۔ 09؍ مارچ 2019
آج یہاں خواجہ کی نگری اجمیر شریف میں جمعیۃ علماء ہندکے زیر اہتمام میڈیکل کیمپ کا افتتاح عمل میں آیا جو دس روزہ عرس کے دوران زائرین کے لیے مفت طبی خدمت پیش کرے گا ۔
اس کے ساتھ ہی جمعیۃ علماء ہندجو سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین اجمیری ؒ کے مسلکِ خدمتِ خلق کی علم بردار تنظیم ہے، اس کے کارکنان نے کائیڈ وشرام استھلی میں آج سے طبی سرگرمی شروع کردی ۔
اس سلسلے میں مذکورہ مقام پر ہفتہ کی دوپہر ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں درگاہ اجمیرشریف کی سبھی کمیٹیوں کے ذمہ داران موجود تھے۔ تقریب کی صدارت مولانا قاری امین صدر جمعیۃ علماء راجستھان نے کی، جب کہ مہمان خصوصی کے طور پر مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند، پروفیسر اخترالواسع صدر مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپورشریک ہوئے۔

اس کے علاوہ درگاہ سے سید واحد حسین چشتی انگارا،سید توفیق چشتی، سید آل بدر،سید نظام الدین، سید ابوطالب چشتی، سید معین چشتی ، سید عبدالجلال چشتی ، عبد المجید چشتی ، ذوالفقار چشتی ، ناظم درگاہ شکیل احمد چشتی، حاجی عبدالوہاب چشتی، نائب ناظم ڈاکٹر محمد ناظم چشتی اورشہرکے ایڈیشنل ایس پی پنا لال مشرا ، جمعیۃ علماء راجستھان کے نائب صدر مولانا شبیر احمد قاسمی ،عتیق الرحمن قریشی سکریٹری جمعیۃ علماء بناس کانٹھا ، جمعیۃ علماء ہند کے آرگنائزر مولانا علیم الدین اجمیری ، مولانا ابوالحسن پالن پوری،مولانا حفظ الرحمن تھور موجود رہے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں سید واحد حسین چشتی انگارا اورپروفیسر اخترالواسع نے مشترکہ طور سے جمعیۃ علماء ہند کی ہمہ گیر خدمات کا اعتراف کیا اور میڈیکل کیمپ کے لیے مولانا محمود مدنی کی ستائش کی، پروفیسر اختر الواسع نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے اس عمل نے ملی اتحاد کی راہ ہموار کی ہے ۔

مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ اس بار جمعیۃ علماء بناس کانٹھا کی ٹیم کیمپ میں اسسٹ کرے گی، جب کہ نگرانی مولانا شبیر احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء راجستھان کے ذمہ ہوگی-
پالن پور سے 13ڈاکٹرس، 12جی پی ، 4؍ فارماسسٹ اپنی خدمت دیں گے ، نیز جمعیۃ یوتھ کلب پاغپت اور شاملی کے 15رضا کار مولانا رفاقت کی نگرانی میں تعاون پیش کریں گے ۔
واضح ہو کہ جمعیۃ علماء ہند نے 2016ء میں اجمیر شریف میں اپنا 33؍واں اجلاس عام منعقد کیا تھا ، جس میں ملت اسلامیہ ہند کے مابین اتحاد و اشتراک پر زور دیا گیا تھا۔

اس اجلاس نے دیوبند اور اجمیر شریف میں پیداکردہ دوری کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔اُس اجلاس عام سے قبل تنظیم کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی، ایک وفد کے ساتھ بذات خود درگاہ کے ذمہ داروں سے بھی ملے تھے اور اس تاریخی موقع پر انھوں نے ذمہ داروں سے کہا تھا کہ وہ ان سے محبت اور اپنائیت لینے آئے ہیں۔

اس بعد سے ہی جمعیۃ علماء ہند نے عرس کے موقع پر یہاں میڈیکل کیمپ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ، جمعیۃ علماء ہند کی تاریخ بتاتی ہے کہ اس کے اکابر کا ہمیشہ اس درگاہ سے تعلق رہا ہے اور یہاں 70 کی دہائی میں بھی میڈیکل کیمپ لگائے جاتے تھے ۔مولانا محمود مدنی نے صرف اسی روایت کو شروع کیا ہے ۔